ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اگلے دوہفتوں میں کورونا کیسوں میں غیر معمولی گراوٹ ممکن: وزیر صحت سدھاکر

اگلے دوہفتوں میں کورونا کیسوں میں غیر معمولی گراوٹ ممکن: وزیر صحت سدھاکر

Mon, 24 Jan 2022 12:02:09    S.O. News Service

بنگلورو، 24؍ جنوری(ایس او  نیوز)کرناٹک میں کورونا وائرس کے کیسوں میں گزشتہ دو دنوں کے دوران گراوٹ ہوتی نظر آ رہی ہے، اس لئے توقع ہے کہ اگلے دو ہفتوں کے دوران کرناٹک میں کورونا کے کیسوں میں غیر معمولی گراوٹ آئے گی۔ یہ بات ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر سدھاکر نے کہی۔

اخباری نمائندو ں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ماہرین نے کہا ہے کہ اگلے دویا تین ہفتوں کے دوران کرناٹک میں کورونا کے کیسوں میں غیر معمولی کمی آئے گی اور حالات رفتہ رفتہ معمول پر لوٹنا شروع ہو ں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی طرف سے اگر تعاو ن اسی طرح سے ملتا رہا تو آنے والے دنوں میں کورونا معاملات کو ریاست میں اور بھی کم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں اگر کورونا کے معاملوں میں اضافہ ہوا اور اسپتالوں میں داخلہ لینے والوں کی تعداد بڑھی تو حکومت کو اور سخت قدم اٹھانے کے لئے مجبور ہونا پڑ سکتا ہے، لیکن فی الحال اس طرح کی صورت اختیار کرنے کا امکان نہیں ہے۔

سدھاکر نے کہا کہ عوام کو دشواری نہ ہو صرف اسی لئے ویک اینڈ کرفیو ہٹایا گیا ہے۔ لیکن کووڈ سے بچنے کے لئے دیگر ضوابط کو برقرار رکھا گیا ہے۔ عوام کو ان پر سختی سے عمل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں اگر کووڈ کے معاملوں میں اضافہ ہوتا ہے تو حکومت کو سخت قدم اٹھانے پڑیں گے۔ سدھاکر نے کہا کہ گزشتہ دو تین دنوں سے بنگلورو میں کووڈ کے کیسوں میں مسلسل کمی آ رہی ہے جو کہ ایک خوش آئند رجحان ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ بنگلورو میں حالات آنے والے دنوں میں اور بھی زیادہ سدھر سکتے ہیں۔ لیکن تشویش کی بات یہ ہے کہ ریاست کے دیگر اضلاع اور دیہی علاقوں میں کووڈ کے کیسوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ کووِڈ پازیٹیو ہیں ان سے بار بار کہا جا رہا ہے کہ وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں لیکن اس کا کوئی فائدہ نہیں ہو پا رہا ہے۔

اس موقع پر کووڈ کے کیسوں میں کمی کے پیش نظر رات کے کرفیو کو ختم کرنے کے متعلق سوال پر سدھاکر نے کہا کہ فی الحال رات کا کرفیو ختم کرنے کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔ کووِڈ کے کیسوں کو قابو میں کرنے میں اس سے کافی مدد ملی ہے اس لئے اسے ہٹایا نہیں جائے گا۔


Share: