ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل سرکاری اسپتال میں نئے میڈیکل آفیسر نامزد : ضلعی جانچ ٹیم نے اسپتال کے حساب کتاب اور انتظامات کا جائزہ لیا

بھٹکل سرکاری اسپتال میں نئے میڈیکل آفیسر نامزد : ضلعی جانچ ٹیم نے اسپتال کے حساب کتاب اور انتظامات کا جائزہ لیا

Tue, 23 Jan 2018 20:53:46    S.O. News Service

بھٹکل:23/ جنوری (ایس اؤنیوز)ضلع میڈیکل آفیسر کی ہدایات پر بروز منگل ضلع صحت عامہ دفتر کے انتظامیہ آفیسر شیوگاجو نائک کی قیادت والی ٹیم بھٹکل سرکاری اسپتال کا دورہ کرتےہوئے حساب کتاب کی جانچ کی ۔

صبح سے شام تک افسران نے اسپتال کے دستاویزات اور خاص کر حساب کتاب کی تفتیش کی ۔ اس کے بعد اسپتال کا ایک ایک کمرہ گھوم پھر کر انتظامات کا جائزہ لیا ۔ اس دوران اسپتال میں صرف دو اندرونی مریض بیڈ پر تھے بقیہ تمام بیڈ خالی رہنے پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے اسپتال عملے سے پوچھ تاچھ کی اور پاکیزگی کے متعلق سخت تنبیہ کرتےہوئے ذمہ داری سے کام کرنے کی تاکید کی۔

اسی موقع انتظامیہ آفیسر نے تعلقہ اسپتال کے ڈاکٹر دینکر کوتعلقہ سرکاری اسپتال کے نئے میڈیکل آفیسر کے طورپر نامزد کیا۔ اسی دوران جئے کرناٹکا سنگھ کے ممبران اسپتال پہنچ کر آفیسر کے سامنے اسپتال کی بدنظمی کے متعلق بتایا۔

اسپتال کے حالیہ انتظامات کے متعلق جانکاری دیتےہوئے آفیسر شیوگاجو نے بتایا کہ تعلقہ اسپتال میں کل 15نرسیں ہونی چاہئے جب کہ صرف 9ہیں جس سے مریضوں کی دیکھ ریکھ میں دقت ہورہی ہے۔ اسی طرح فارمیسی میں بھی عملہ کی قلت ہے پرائیویٹ طورپروہاں عملے کو نامزد کیاجائےگا اور اسپتال کے کچھ ڈاکٹرس چھٹی پر ہیں تو چند ایک تربیتی کیمپ کے لئے گئے ہوئے ہیں ۔ ان سب حالات کے متعلق میڈیکل آفیسر کو رپورٹ سونپی جائے گی اور آئندہ دنوں میں اسپتال کے نظام کو بہتر کرنے کی با ت کہی۔

IMG_1559.JPG

خیال رہے کہ بھٹکل سرکاری اسپتال کے سابقہ میڈیکل آفیسر اور چند ڈاکٹروں کے متعلق عوام اور کچھ تنظیموں نے ضلع میڈیکل آفیسر کے سامنے اسپتال کے حساب کتاب کو لے کر شکایت کرتے ہوئے جانچ کا مطالبہ کیا تھا۔ ضلع میڈیکل آفیسر نے عوامی مطالبہ کے مطابق اپنے دفتر کے انتظامیہ معاون آفیسر شیوگاجو نائک کی قیادت میں ایک ٹیم کو اسپتال کی جانچ کے لئے ارسال کیا تھا جس کے تحت جانچ ٹیم آج اسپتال پہنچ کر معائنہ کیا۔


Share: