ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو میں گئو رکھشکوں کا لاری پر دھاوا؛ منہ کی کھانی پڑی کیونکہ گائے کے بجائے لاری پر پائے گئے آم کے صندوق

منگلورو میں گئو رکھشکوں کا لاری پر دھاوا؛ منہ کی کھانی پڑی کیونکہ گائے کے بجائے لاری پر پائے گئے آم کے صندوق

Mon, 08 Jul 2019 20:18:48    S.O. News Service

منگلورو 8/جولائی (ایس او نیوز)گؤ رکھشکوں کے ایک گروپ کو اس وقت منھ کی کھانی پڑی جب انہوں نے منگلورو کولشیکر چوکی کے قریب ایک مال بردار ٹیمپو پر یہ سمجھ کر دھاوا بولا کہ اس میں گائیں لے جائی جارہی ہیں، لیکن اس ٹیمپو کے اندرسے آم کے صندوق نکلے۔

 رپورٹ کے مطابق اس حملے میں عمر فاروق (۵۳سال)نامی ایک شخص کو چوٹیں آئی ہیں، اور علاج کے لئے اسے نجی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ یہ واردات اس وقت پیش آئی جب عمر فاروق، اشفاق اور لطیف نامی تین افراد صبح چار بجے اولائی بیٹو سے شہر کی مارکیٹ میں فروخت کرنے کے لئے آموں سے بھر ا ہوا 407ٹیمپولے کر جارہے تھے۔تب تین لوگوں کے ایک گروپ نے قصائی خانے کے لئے گائیں لے جانے کے شک میں اس ٹیمپو کو روک کر حملہ کیا۔ اس ہنگامے کے دوران گاڑی کا ڈرائیور اور دوسرا ساتھی بھاگ کھڑے ہوئے جبکہ عمر فاروق حملہ میں زخمی ہوگیا۔آم کے تاجروں کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے ان کے پاس موجود70ہزار روپے نقدی اور ٹیمپو چھین کر فرار ہوگئے۔

 بعد میں یہ ٹیمپو گاڑی کولشیکر چرچ کے قریب پائی گئی جس میں آم کے تاجروں کا ایک موبائل فون بھی موجود تھا۔حالانکہ ابھی تک اصل ملزمین کی شناخت نہیں ہوپائی ہے، لیکن پولیس کو سی سی کیمرے سے جو فوٹیج ملا ہے اس میں ملزموں کے چہرے کے کچھ نقوش دکھائی دے رہے ہیں۔پولیس اس بنیاد پر حملہ آوروں کی تلاش میں لگی ہوئی ہے۔

 بتایاجاتا ہے کہ آم کے تاجروں پر اس طرح کے حملے کی خبر پھیلتے ہی کولشیکر چوکی کے پاس لوگوں کا ہجوم جمع ہونے لگا مگر پولیس نے حالات پر قابو پاتے ہوئے بھیڑ کو منتشر کردیا۔اس واردات کے تعلق سے کنکن ناڈی پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہے۔


Share: