ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / میسورو ضلع کے ورونا اسمبلی حلقے سے یڈیورپا نے اپنے فرزند کوہٹالیا؛ پارٹی کارکنوں نے مچایا ہنگامہ؛ پولس نے کیا ہلکی لاٹھی چارج

میسورو ضلع کے ورونا اسمبلی حلقے سے یڈیورپا نے اپنے فرزند کوہٹالیا؛ پارٹی کارکنوں نے مچایا ہنگامہ؛ پولس نے کیا ہلکی لاٹھی چارج

Tue, 24 Apr 2018 12:57:53    S.O. News Service

بنگلورو،24؍اپریل(ایس او نیوز) میسورو ضلع کے ورونا اسمبلی حلقے میں وزیراعلیٰ سدرامیا کے فرزند ڈاکٹر یتیندرا کے مقابل سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپانے اپنے فرزند بی وائی وجیندرا کو میدان سے ہٹالیا ہے۔

آج ننجنگڈھ میں خود یڈیورپا نے بی جے پی کے ایک جلسے میں اعلان کیا کہ وجیندرا ورونا اسمبلی حلقے سے پارٹی امیدوار کے طور پر نامزدگی داخل نہیں کریں گے۔ یڈیورپا کے اس اعلان کے ساتھ ہی پارٹی کارکن طیش میں آگئے اور جلسہ گاہ میں ہنگامہ مچ گیا۔ہنگامے کو دیکھتے ہوئے یڈیورپااور ان کے فرزند وجیندرا وہاں سے نکل گئے جس کے بعد پارٹی کارکنوں نے جلسہ گاہ میں میز کرسیاں توڑ کر ہنگامہ کیا اور اس حلقے سے وجیندرا کو ہی میدان میں اتارنے کی مانگ کرنے لگے۔بعد میں یہاں حالات پر قابو پانے کے لئے پولس کو ہلکی لاٹھی چارج کا سہارا لینا پڑا۔

وزیر اعلیٰ سدرامیا کے فرزند یتیندرا کے مقابل یڈی یورپا کے فرزند وجیندرا کو میدان میں اتارنے یڈیورپا کے فیصلے پر کل رات ہی بی جے پی اعلیٰ کمان کی طرف سے روک لگادی گئی۔ وجیندرا آج اس حلقے سے اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کرنے والے تھے، اس کی تمام تیاریاں بھی پوری ہوچکی تھیں، لیکن اعلیٰ کمان کی ہدایت کے فوراً بعد یڈیورپا نے اپنے فرزند کو میدان سے ہٹالینے کااعلان کیا۔ بتایاجاتاہے کہ اس حلقے سے ڈاکٹر یتیندرا کا مقابلہ کرنے وظیفہ یاب آئی پی ایس افسر اور حلقے کے سابق رکن اسمبلی ایل ریون سدیا کو میدان میں اتارنے پر بی جے پی غور کررہی ہے۔ اس دوران ایسا  بھی کہا جارہاہے کہ ڈاکٹر ویتیندرا کے خلاف امیدوار میدان سے ہٹانے کے لئے بی جے پی اعلیٰ کمان کی ہدایت کے بعد یہاں کے ایک مقامی آر ایس ایس کارکن اور پنچایت ممبر سدانند کو بھی امیدوار بننے کے لئے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تاہم اچانک بی جے پی کی طرف سے وزیر اعلیٰ کے فرزند کے مقابلے سے یڈیورپا کے فرزند کو ہٹالئے جانے سے کانگریس کو غیر معمولی تقویت ملی ہے، اور یہ تاثر عام ہوتا جارہا ہے کہ وزیراعلیٰ اور ان کے فرزند کا مقابلہ کرنے کے لئے بی جے پی کے پاس کوئی موزوں امیدوار نہیں ہے۔ 


Share: