ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پرینکا گاندھی سے پولیس کی بدسلوکی کے خلاف یوتھ کانگریس کا مظاہرہ

پرینکا گاندھی سے پولیس کی بدسلوکی کے خلاف یوتھ کانگریس کا مظاہرہ

Mon, 30 Dec 2019 10:25:30    S.O. News Service

نئی دہلی،30/دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)  کانگریس کی یوتھ ونگ نے پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا سے لکھنؤ میں پولس کی مبینہ بدسلوکی کے خلاف اتوار کو یہاں اتر پردیش بھون کے قریب مظاہرہ کیا اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا-جنوبی دہلی کے چانکیا پوری علاقے میں مظاہرین نے جیسے ہی پاس کے آسام بھون سے اترپردیش بھون کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی، دہلی پولس کے اہلکاروں نے انہیں حراست میں لے لیا-مظاہرین کی قیادت کر رہے انڈین یوتھ کانگریس (آئی وائی سی) کے صدر سرینواس بی وی نے کہا کہ پرینکا گاندھی واڈرا کے ساتھ ریاستی پولس کے اس شرمناک برتاؤ کے لئے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ کو فوراً استعفیٰ دے دینا چاہئے-آئی وائی سی کے میڈیا انچارج امریش رنجن پانڈے نے الزام لگایاکہ اتر پردیش حکومت نے بہت سے لوگوں کو جیل بھیج دیا ہے اور اب ریاست کی پولیس سینئر لیڈروں کے ساتھ بدسلوکی کر رہی ہے،یہ (ریاستی حکومت) اقتدار میں رہنے کے اپنے تمام اخلاقی اور سماجی حقوق کھو چکی ہے- یہ مبینہ واقعہ ہفتہ کو لکھنؤ میں اس وقت ہوا جب کانگریس لیڈر ریٹائرڈ آئی پی ایس افسر ایس آر داراپوری کے گھر جا رہی تھیں -داراپوری کو حال میں سی اے اے مخالف مظاہرے کے پیش نظر گرفتار کیا گیا تھا-پرینکا گاندھی واڈرا نے دعویٰ کیا کہ جب وہ ادرانگر کے سیکٹر18میں داراپوری کے گھر کی طرف پیدل جا رہی تھیں تب پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی، انہیں گھیر لیا گیا اور ایک خاتون پولیس اہلکار نے ان کا گلا بھی پکڑ لیا جبکہ دیگر نے ان ساتھ دھکا مکی کی-اترپردیش پولیس نے ان الزامات کو غلط بتایا ہے-


Share: