ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں /  امریکا کا لبنان میں نئی حکومت تشکیل دینے پر زور

 امریکا کا لبنان میں نئی حکومت تشکیل دینے پر زور

Wed, 30 Oct 2019 17:55:17    S.O. News Service

 واشنگٹن 30اکتوبر (ایس او نیوز/ایجنسی) امریکی وزارت خارجہ نے لبنان میں تمام فریقوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نئی حکومت کی تشکیل کو آسان بنائیں۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سیاسی رہ نماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں مدد کریں تا کہ لبنانی عوام کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

منگل کے روز جاری امریکی وزارت خارجہ کے بیان میں باور کرایا گیا ہے کہ نئی حکومت ایک خوش حال لبنان کے لیے مضبوط بنیادیں اور ہر شہری کے لیے امن فراہم کر سکتی ہے۔

بیان میں واضح کیا گیا کہ لبنان میں 13 روز سے جاری پر امن مظاہرے اور قومی یک جہتی یہ پیغام دیتی ہے ہے کہ لبنانی عوام نے ایک مؤثر اور فعال حکومت، اقتصادی اصلاح اور دیرینہ بدعنوانی کی روک تھام کا مطالبہ کیا۔

امریکی وزارت خارجہ نے کسی بھی نوعیت کے تشدد یا اشتعال انگیزی کو روک دینے کی تاکید کرتے ہوئے لبنانی فوج اور سیکورٹی فورسز سے مطالبہ کیا کہ وہ مظاہرین کو تحفظ فراہم کریں۔

اس سے قبل لبنانی وزیراعظم سعد حریری نے منگل کی شام اپنی کابینہ سمیت مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔ یہ اعلان منگل کی شام قوم سے ایک نشری خطاب میں سامنے آیا۔ حریری نے کہا کہ وہ ملک میں جاری بحران کو حل کرنے کی کوشش میں بند گلی میں پہنچ گئے تھے۔ انھوں نے کہا کہ "لبنانی عوام 13 روز تک بحران اور معیشت کو مزید انحطاط سے دوچار ہونے سے بچانے کے لیے سیاسی فیصلے کے منتظر رہے ہیں۔اس عرصے کے دوران میں نے عوام کی آواز کو سن کر کوئی حل تلاش کرنے کی کوشش کی ہے۔"

حریری کا مزید کہنا تھا کہ "اب ہمارے لیے وقت آ گیا ہے کہ ہم بحران کے مقابلے میں ایک بڑا جھٹکا دیں۔ میں حکومت کے استعفے دینے کے لیے صدارتی محل جا رہا ہوں۔ سیاسی زندگی کے شراکت داروں کی آج سے یہ ذمے داری ہے کہ ہم لبنان کو کیسے محفوظ رکھ سکتے ہیں اور اس کی معیشت کو کیسے بحال کر سکتے ہیں۔"

یاد رہے کہ آئینی اور قانونی زاویے سے حریری اس وقت مستعفی شمار نہیں ہوں گے کیوں کہ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ اپنا استعفا صدر کے تصرف میں دے رہے ہیں۔ اس طرح میشیل عون کے سامنے آپشن ہے کہ وہ اس کو مسترد کر سکتے ہیں۔


Share: