ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں /  وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر گھوٹالے سے منسلک اٹلی کی کمپنی سے حکومت نے پابندی ہٹائی

 وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر گھوٹالے سے منسلک اٹلی کی کمپنی سے حکومت نے پابندی ہٹائی

Mon, 08 Nov 2021 23:34:21    S.O. News Service

نئی دہلی، 8 نومبر (آئی این ایس انڈیا) حکومت نے وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر گھوٹالے میں ملوث اٹلی کی بڑی کمپنی لیونارڈو (سابقہ نام، فنمیکانکا) سے پابندی مکمل طور پر ختم کر دی ہے۔ ذرائع کی مانیں تو پابندی کے خاتمے کے بعد حکومت اب لیونارڈو کمپنی سے اسلحہ اور فوجی سازوسامان خریدنے کے نئے معاہدوں پر دستخط کر سکتی ہے۔ چند سال قبل مودی سرکار نے فنمیکنکا کمپنی پر سے جزوی پابندی ہٹا دی تھی جس کی وجہ سے پرانے معاہدوں کو جاری رکھا جا سکتا تھا اور ہتھیاروں کیلئے درکار آلات بھی خریدے جا سکتے تھے لیکن نئے ہتھیاروں کے معاہدوں کو روک دیا گیا تھا۔ذرائع کی مانیں تو وزارت دفاع نے اب کچھ شرائط کے ساتھ اٹلی کمپنی پر سے پابندی مکمل طور پر ہٹا دی ہے۔ تاہم وزارت دفاع نے اس معاملے پر سرکاری طور پر کچھ کہنے سے انکار کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نئی شرائط میں کہا گیا ہے کہ لیونارڈو کمپنی اب ہندوستان میں نئے سرے سے اپنا کاروبار شروع کرے گی اور کسی پرانے معاہدے کی وجہ سے کسی قسم کے مالی نقصان کی حقدار نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ آگستا ویسٹ لینڈ کیس کی تحقیقات بھی پہلے کی طرح جاری رہے گی۔ یہ جانچ سی بی آئی اور ای ڈی کر رہی ہے۔غور طلب ہے کہ حال ہی میں وزیر اعظم نریندر مودی نے اٹلی کا دورہ کیا تھا۔ اس سے قبل آرمی چیف جنرل ایم ایم نروانے نے بھی اٹلی کا دورہ کیا تھا۔ بتادیں کہ سال 2010 میں ہندوستان نے اگستا ویسٹ لینڈ کمپنی سے 36 وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر خریدنے کا معاہدہ کیا تھا۔ اس سودے کی کل قیمت تقریبا3600 کروڑ روپے تھی۔


Share: