بنگلور،04 ؍مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)کرناٹک کے ’باغی‘ کانگریس ممبر اسمبلی امیش جادھو نے پیر کو اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دے دیا۔کلبرگی ضلع کے چنچولی اسمبلی حلقہ سے دو بار سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے جادھو نے بغیر کوئی وجہ بتائے اپنا استعفی اسمبلی کے صدر کے آر رمیش کمار کے حوالے کر دیا۔امیش جادھو کانگریس کے ان چار باغی ممبران اسمبلی میں شامل ہیں، جن کے خلاف کانگریس پارٹی اراکین (سی ایل پی) کے رہنما سددھارمیا نے گزشتہ ماہ قانونی کارروائی کی مانگ کی تھی۔ان چار ممبران اسمبلی نے 18 جنوری اور آٹھ فروری کو سی ایل پی کے اجلاسوں میں شرکت کرنے اور 6سے 15 فروری تک اسمبلی کے 10 دن بجٹ اجلاس میں شرکت کے لئے جاری پارٹی وہپ کی خلاف ورزی کی تھی۔حالانکہ سابق وزیر اعلی سددھارمیا نے 11 فروری کو اسمبلی صدر کو پارٹی بدلنے کے خلاف قانون کے تحت جادھو کو تین دیگر وباغیوں رمیش جرکی ہولی ، بی ناگیندر اور مہیش کمٹلی کے ساتھ نااہل ٹھہرانے کے لئے خط لکھا تھا۔لیکن صدر نے اس پر کارروائی نہیں کی، کیونکہ ان ممبران اسمبلی نے 13 فروری سے لے کر 15 فروری تک بجٹ سیشن کے غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی ہونے تک اس میں حصہ لیا تھا۔جادھو کے استعفیٰ کے بعد کانگریس کی ریاستی یونٹ کے صدر دنیش گڈ راؤ نے کہاکہ کانگریس نے جادھو کے ساتھ وہ سب کیا جو کر سکتی تھی۔وہ اقتدار کے بھوکے تھے اور پارٹی قیادت کے خلاف عدم اطمینان ظاہر کرتے رہے ہیں۔وہ موقع پرست ہیں۔ہم ان سے مایوس ہیں۔