کاروار 25؍جولائی (ایس او نیوز) پلاسٹک کے استعمال پر پابندی عام کرنے کے لئے جو مہم چلائی جارہی ہے اس کی ایک کڑی کے طور پر آئندہ ضلع پنچایت کی میٹنگوں میں پلاسٹک کی بوتلوں والا پانی استعمال نہیں کیا جائے گا۔
محکمہ دیہی ترقیات و پنچایت راج کے چیف سکریٹری ایل کے عتیق کی جانب سے جاری کردہ سرکیولر کے مطابق آئندہ ضلع پنچایت کی میٹنگوں میں پانی کی پلاسٹک بوتلوں کی جگہ پانی کے بڑے کین خرید کرپانی پینے کے لئے کپ استعمال کیے جائیں گے۔سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ پلاسٹک کا استعمال حد سے زیادہ ہونے کی وجہ سے انسانی صحت اور جانوروں کے علاوہ ماحولیات پر بھی اس کا بہت برا اثر پڑا ہے۔لہٰذا پلاسٹک کے کچرے پر قابو پانا انتہائی ضروری ہوگیا ہے۔اس لئے سرکاری سطح پر اس کی عمل پیرائی کے لئے محکمہ دیہی ترقیات و پنچایت راج کے ریاستی اور ضلعی جلسوں اور میٹنگوں میں پینے کے پانی والی پلاسٹک بوتلیں استعمال کرنا بند کیا جا رہا ہے۔اس کے بدلے 20لیٹرس کے پانی کے کین خریدے جائیں گے اور کپ میں پانی تقسیم کیا جائے گا۔تمام اعلیٰ افسران کو اپنے اپنے شعبوں میں اس سرکیولرپر پوری طرح عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔