لکھنؤ،08؍اپریل (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) اپنے بیانات سے پہلے بھی کئی بار اتر پردیش کی حکومت میں اپنے آپ کو غیر آرام دہ اور اکیلا محسوس کرنے والے کابینہ وزیر اوم پرکاش راج بھر نے اتوار کو کہا کہ وہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں خود کو اکیلا اور نظرانداز محسوس کرتے ہیں۔ریاست کے پسماندہ طبقے بہبود وزیر اور سہیلدیو ہندوستانی سماج پارٹی (سبھاسپا)کے صدر اوم پرکاش راج بھر نے کہاکہ کابینہ میں سب کی بات سنی جاتی ہے، فیصلے کچھ چار پانچ لوگ ہی لے لیتے ہیں۔لگتا ہے کہ مجھے نظرانداز کیا جا رہا ہے۔بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ 10 اپریل کو لکھنؤ آ رہے ہیں۔میں ان سے مختلف مسائل پر تفصیل سے بحث کروں گا اور اس کے بعد پارٹی کے اگلے قدم کے بارے میں طے کروں گا۔انہوں نے کہا کہ کواسمبلی ہاؤس پارٹی کی میٹنگ میں ان کے لیے کرسی نہیں لگائی جاتی ہے۔اسے نظرانداز ہی کہا جائے گا۔معلوم ہو کہ راج بھر پہلے بھی اپنے بیانات سے حکومت کے لیے مشکلات کھڑی کرچکے ہیں۔انہوں نے حال ہی میں حکومت کے حکام پر من مانی کرنے اور عوامی نمائندوں کی بات نہ سننے کا الزام لگاتے ہوئے حکومت کو گھیرا تھا۔سبھاسپا نے پچھلا اسمبلی انتخابات بی جے پی کے ساتھ مل کر لڑا تھا، جس میں اس کے چار رکن اسمبلی جیتے تھے۔ ریاست کی 403 رکنی اسمبلی میں بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کے پاس کل 324 رکن اسمبلی ہیں۔