دہرادون ،19 مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) اتراکھنڈ کی پانچوں لوک سبھا سیٹوں پر پہلے مرحلے میں 11 اپریل کو ہونے والے انتخابات میں اپنے امیدواروں کے حق میں ماحول بنانے کے لیے بی جے پی اور کانگریس دونوں اہم سیاسی جماعتوں کے اسٹار پرچارک ہولی کے بعد آئیں گے۔
آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی سیکرٹری جنرل اور مشرقی اترپردیش کی انچارج پرینکا واڈرا کے اپنی پارٹی کے امیدواروں کے لیے حمایت حاصل کیلئے جہاں کماؤن علاقے میں روڈ شو کرنے کا امکان ہے وہیں وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر امت شاہ اپنے امیدواروں کے حق میں کماؤن اور گڈھوال دونوں علاقوں میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
ریاستی بی جے پی صدر اجے بھٹٹ نے بتایاکہ ہم نے وزیر اعظم اور پارٹی صدر دونوں کی کماؤن اور گڈھوال علاقوں میں دو دو ریلی رکھے جانے کی تجویز دی ہے۔حالانکہ ریلی کی تاریخ اور مقام پر ابھی آخری فیصلہ نہیں ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مودی کی ریلی کے لیے ممکنہ مقام دہرادون، ہردوار، سری نگر اور ہلدوانی ہیں جبکہ شاہ کا مجوزہ اجلاس ہلدوانی اور الموڈا میں ہو سکتا ہے۔
بھٹ نے کہا کہ اتراکھنڈ میں آنے والے اسٹار پرچارک میں وزیر دفاع نرملا سیتا رمن، سابق فوجی سربراہ اور مرکزی وزیر وی کے سنگھ، مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا، ہیما مالنی اور منوج تیواری ہیں۔کانگریس صدر راہل گاندھی یہاں دہرادون میں ریلی کرکے پہلے ہی ریاست میں انتخابی بگل بجاچکے ہیں اور اب ان کی بہن پرینکا واڈرا کے کماؤن علاقے میں روڈ شو کرنے کا امکان ہے۔
پردیش کانگریس کے سینئر نائب صدر سوریہ کانت دھسمانا نے بتایا کہ ان کے علاوہ صوبہ سطح پر بھی اسٹار پرچارک کی فہرست تیار کی گئی ہے جس میں سابق وزیر اعلی ہریش راوت، ریاستی کانگریس صدر پریتم سنگھ، اتراکھنڈ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اندراہدیش اور پارٹی کے ریاستی انچارج انوگرہ نارائن سنگھ شامل ہیں گیارہ اپریل کو ہونے والے انتخابات کے لیے پرچہ نامزدگی بھرنے کی آخری تاریخ 25 مارچ ہے.۔فی الحال ریاست کی پانچوں نشستیں بی جے پی کے پاس ہیں۔ویسے بھی دو سال پہلے 70 سیٹوں والی اسمبلی میں 57 سیٹوں پر جیت حاصل کرنے کے بعد بی جے پی کے اوپر اپنی کارکردگی کو دہرانے کا چیلنج ہے۔