میڈیا کے ساتھ بات چیت میں نو منتخب جنرل سکریٹری صدیق اسمعیل کا اظہار عزم
بھٹکل23اگست ( ایس او نیوز ) بھٹکل کے ملی تعلیمی اداروں میں سب سے قدیم ادارہ انجمن حامی مسلمین کے سب سے باوقار عہدے کے لئے صدیق اسمعیل کا جنرل سکریٹری کے طور پرانتخاب عمل میں آیا ہے۔عہدہ سنبھالنے کے بعد میڈیا کے ساتھ بات چیت میں انہوں نے انجمن کی تعلیمی و تعمیری ترقی کی بات کہی،انہوں نے کہاکہ انجمن اپنے اداروں میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کر کے کام کررہاہے ۔انہوں نے میڈیا کے ساتھ بات چیت میں تسلیم کیا کہ ہمارے طلبہ کا رجحان ریاستی زبان کی طرف بہت ہی کم ہے جس کا نقصان ہم کو بہت زیادہ اٹھانا پڑھ رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ انجمن نے اس مسئلہ کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے ماہرین کی مدد سے کنڑا تربیتی کلاسس کا آغاز کرے گا ۔انجمن حامی مسلمین بھٹکل کا نہ صرف تعلیمی ادارہ ہے بلکہ مسلسل اپنی تعلیمی خدمات کی وجہ سے یہ ادارہ ایک تحریک کی صورت اختیار کر گیا ہے،کم وبیش ایک صدی قبل انیس سو انیس میں سر سید کی تعلیمی تحریک سے متاثر ہوکر بھٹکل میں انجمن حامی مسلمین کا قیام عمل میں آیا ، بھٹکل کے تعلیمی اداروں میں اپنی قدامت کے لحاظ سے یہ تعلیمی تحریک عوام میں خاصہ اعتبار حاصل کر چکی ہے،فی الحال بھٹکل میں انجمن کے بیس سے زائد تعلیمی ادارے سرگرم عمل ہیں اور انجمن کے فارغین ملک اور بیرون ملک میں مختلف حیثیتوں سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواچکے ہیں۔ انجمن نے خواتین کی علحیدہ تعلیم کا مثالی نمونہ بھی پیش کیا ہے۔ انجمن کے مختلف اداروں سے اس وقت سات ہزار سے طلبہ و طالبات کسب فیض کر رہے ہیں۔جانکاروں کے مطابق پچھلی ایک صدی میں انجمن نے بلا تفریق مذہب و ملت سماج کے ہر طبقے میں تعلیم کی روشنی عام کرنے کی کوشش کی ہے، شاید اسی کا نتیجہ ہےکہ آج بھٹکل سمیت آس پاس کے اضلاع میں اکثر سرکاری و غیر سرکاری محکموں کے اعلی عہدوں پر انجمن کے فارغین اور انجمن کے مستفیدین خدمات انجام دے رہے ہیں۔خیال رہےکہ گزشتہ ہفتہ انجمن کے جنرل سکریٹری قاسم جی انصار کا اچانک انتقال ہوجانے کے بعد یہ عہدہ خالی ہوگیا تھا جس عہدے کے لئے اب اسمعیل صدیق کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ ان سے قوم و ملت کا کام لے۔