بھٹکل:15/اگست(ایس او نیوز) ضلع کے مشہورتعلیمی ادارے انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے جنرل سکریٹری محمد انصار قاسمجی (78) کا دل کا دورہ پڑنے سے پیر کی صبح انتقال ہوگیا۔اور بعد ظہرجامع مسجد بھٹکل میں نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد تدفین عمل میں آئی ۔
اتوار کی شام سینہ کے درد میں مبتلا ہونے کے بعد انہیں منی پال اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔علاج جاری رہتے پیر کی علی الصبح ان کا انتقال ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ مرحوم گذشتہ 25سالوں سے بڑی لگن اور ایمانداری کے ساتھ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے مختلف عہدوں پر فائز رہتے ہوئے بے لوث خدمات انجام دے رہے تھے۔ انجمن انجنئیر نگ کالج سکریٹری ، دو مرتبہ نائب صدر اور رواں میقات میں وہ جنرل سکریٹری کے عہدے پر فائز تھے۔ پیرانہ سالی میں بھی وہ قومی ادارے کی مخلصانہ خدمت میں مصروف تھے۔ انجمن کے ہرپروگرام میں ان کی موجودگی ضروری تھی ، طلبا کے پروگراموں میں و ہ گھنٹوں موجود رہ کر ان کی دلجوئی کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب و ترہیب دیتے۔ مرحوم اصول، نظم وضبط کے بڑے پابند تھے، بغیر کسی لاگ لپیٹ کے اپنی بات رکھتے تھے۔ ہمیشہ انجمن اور تعلیم کی فکر میں رہتے،آخری سانس تک انہوں نے قوم، انجمن، تعلیم کی خدمت کرتے رہے۔ اللہ مغفرت کرے۔ آمین۔
مرحوم کے پسماندگان میں بیوی ، تین بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں۔ ان کے انتقال پر انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے سرپرست ، قائد قوم ڈاکٹر سید خلیل الرحمن ، صدر انجمن عبدالرحیم جوکاکو، عہدیداران، مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری، اداروں،جماعتوں کے ذمہ داران، معزز شخصیات، اساتذہ ، طلبا وغیرہ نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مغفرت کی دعاکی ہے۔