منڈیا 7؍مئی (ایس او نیوز) مرکزی وزیر اننت کمار ہیگڈے کے خلاف بولتے ہوئے رکن پارلیمان اور سینئر کانگریسی لیڈر کھرگے نے کہا کہ ’’اس کا معاملہ کُتّے کی دم جیسا ہے جوکبھی سیدھی نہیں ہوسکتی۔‘‘
کانگریس پارٹی کے لئے انتخابی مہم کے دوران یہاں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کھرگے نے مرکزی وزیر کے لئے صیغۂ واحد استعمال کرتے ہوئے کہا کہ :’’اننت کمارایک زبان دراز شخص ہے ۔منھ کھولتا ہے تو دستور ہند بدلنے کی بات کرتا ہے۔ اس بیان کے لئے اسے پارلیمنٹ میں معافی تک مانگنی پڑی تھی۔مگر وہ سدھرنے والا نہیں ہے ، جیسا کہ کتے کی دُم ہوتی ہے۔‘‘
کھرگے نے وزیراعظم مودی پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ انتخابات قریب آنے پر مودی کو دلتوں کی یاد آئی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے پوچھا کہ چار سال تک دلتوں پر جو پیار نہیںآیا تھا ، وہ پیار اب یکایک آگیا ہے کیا؟مودی کو اگر دلتوں کے تعلق سے اگر واقعی ہمدردی ہوتی تو وہ کانگریس کو پارلیمنٹ میں حزب اختلاف کا درجہ ضرور دیتے، مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا۔
کھرگے نے کانگریس پارٹی کے بارے میں کہا ہے کہ یہی ایک ایسی سیاسی پارٹی ہے جو تمام طبقات کی ترقی کے لئے ہمیشہ سرگرم رہی ہے۔