ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اُڈپی: بھاسکرشٹی قتل معاملہ میں پھر ایک بار پیچیدگی کا شکار: جائیداد کو لے کر خاندان میں گھماسان

اُڈپی: بھاسکرشٹی قتل معاملہ میں پھر ایک بار پیچیدگی کا شکار: جائیداد کو لے کر خاندان میں گھماسان

Thu, 24 Nov 2016 19:30:47    S.O. News Service

اُڈپی:25/نومبر (ایس او نیوز/وی بی) سرمایہ دار اور اُڈپی کے بھاسکر شٹی کا قتل معاملہ کئی ایک پیچیدگیوں کا شکار ہوکر عوام میں تجسس کا باعث بننے کے بعد اب اُڈپی کے درگا انٹر نیشنل ہوٹل کی ملکیت کو لے کر دوخاندانوں کے درمیان ہنگامہ آرائی کا سبب بنا ہے۔ درگا انٹرنیشنل ہوٹل معاملات کی دیکھ ریکھ کے لئے اُڈپی کی سول عدالت کے  منصف کی طرف سے جاری کردہ  عارضی حکم نامہ  میں مقتول بھاسکرشٹی کی ماں اور دیگر رشتہ داروں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس بات کی جانکاری وکیل چدانند کیدلائی نے دی ۔

اس سلسلے میں پریس کانفرنس کے ذریعے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ صنعت کار بھاسکرشٹی کرناٹکا بینک کے آدی اُڈپی شاخ سے قرضہ لے کر اپنی بیوی راجیشوری شٹی کی ملکیت والی زمین پر درگاانٹرنیشنل ہوٹل تعمیر کیا تھا،انہوں نے بتایا کہ بھاسکر شٹی کے بعد ہوٹل کے تمام معاملات قانونی طورپر راجیشوری شٹی کے حوالے کی گئی ہے۔ اپنے شوہر کے قتل کے الزام میں جیل میں بند راجیشوری شٹی اپنی ماں سومتی رگھورام شٹی کو حلف نامہ دے کر ہوٹل کی نگرانی کرتے ہوئے قرضہ جات کی ادائیگی کرنے کی بات کہی تھی۔ حلف نامہ کے مطابق ان کی ماں اپنی طرف سے عملہ کو نامزد کرتے ہوئے ہوٹل کی دیکھ ریکھ کررہی تھیں، لیکن بھاسکر شٹی کے رشتہ دار گروپرساد شٹی ، جوگو شٹی ، جینتی شٹی ، چندرشیکھر شٹی اور نرملا شٹی نے ہوٹل کےمعاملات میں روزانہ مداخلت کرتے ہوئے ہراساں کرنے کے علاوہ زبردستی ہوٹل پر قبضہ کرلیا تھا۔ اس تعلق سے راجیشوری کی ماں سومتی شٹی ، بھاسکرشٹی کے رشتہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ عدالت نے اب دونوں فریقین کے دعووں کو سننے کے بعد بھاسکرشٹی کے رشتہ داروں پر پابندی عائد کرنے کا حکم جاری کیاہے۔

وکیل چدانند نے بتایا کہ بھاسکر شٹی کے رشتہ دار وصیت ہونے کی بات کہہ رہے ہیں، اگر وصیت ہوتی تو معاملہ کی شروعات میں ہی اس کو منسلک کرنا تھا، چار پانچ ماہ ہوگئے ابھی تک وصیت داخل نہیں کی گئی ہے ۔ اگر آئندہ دنوں میں وصیت داخل بھی کی جاتی ہے تو وہ مشتبہ ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ دُرگار انٹرنیشنل ہوٹل شراکت داری سے شروع کیا گیا ہے، جب معاملہ ایسا ہے تو معاملہ میں فیصلہ کچھ بھی ہو ، لیکن راجیشوری شٹی کو50 فی صد کا حصہ ملنےمیں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔  وکیل سے جب یہ سوال کیا گیا کہ بھاسکر شٹی قتل معاملے میں کیا راجیشوری شٹی معصوم ہیں تو وکیل نے نوکامنٹس کہتے ہوئے کہاکہ اس کا فیصلہ عدالت کرے گی۔ پریس کانفرنس میں وکیل ارون بنگیرا، ارون شٹی وغیرہ موجود تھے۔

وکیل سے رپورٹروں نے سوال پوچھا  کہ بھاسکرشٹی قتل معاملے کی جانچ کررہی سی اؤڈی کے مطابق قتل ہونے سے پہلے بھاسکرشٹی نے اپنی دبئی کی جائیدا د اپنے بڑے بھائی اور اُڈپی کی جائیداد اپنی ماں کے  نام کرتے ہوئے وصیت تحریر کئے جانے کی اطلاع ہے! تو وکیل نے جواب دیتے ہوئے صرف اتنا کہا کہ چارج شیٹ میں وصیت کی نقل  منسلک نہیں ہے۔ اگر عدالت میں بھاسکر شٹی قتل معاملہ ثابت نہیں ہوتاہے   تو 7سال کے بعد مقتول بھاسکرشٹی کی جائیداد تقسیم ہوسکتی ہے۔ اس موقع پر بھاسکرشٹی کی ماں، بیوی اور بیٹے میں مساوی طورپر جائیداد تقسیم ہوگی۔

اس درمیان قتل کے الزام  کاسامنا کررہی بھاسکرشٹی کی بیوی راجیشوری کی بہن رینوکارائی نے سوال کیا ہےکہ بھاسکرشٹی کی 350کروڑ سے چار سو کروڑروپئے کی جائیداد ہونے کی بات میڈیا میں کہی جارہی ہے، لیکن  موجودہ جائیداد کا حساب کتاب دیکھا جائے تو سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ یہ جائیداد کہاں ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ کروڑوں کی جائیداد بھاسکر شٹی کے رشتہ دار سنبھالے ہیں۔ ایسے میں ان کی 350کروڑ کی جائیداد اگر ہے تو کہاں ہے؟۔

 


Share: