سرسی:3/جنوری (ایس او نیوز)اترکنڑا کے رکن پارلیمان اننت کمار ہیگڈے کی غنڈہ گردی کامعاملہ قومی سطح پر گرما نے کے بعد ایک طرف ضلعی انتظامیہحرکت میں آگئی ہے، وہیں انڈین میڈیکل اسوسی ایشن نے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے آننت کمار ہیگڈے کے خلاف قانونی کاروائی کرنے کی مانگ کی ہے۔ اے سی دفتر کے باہر جمع ہوکر ڈاکٹروں نے تحفظ فراہم کرنے اور غندہ گردی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے نعرے بازی کی اور ڈاکٹروں کو انصاف دلانے کا مطالبہ کیا، بعد میں انڈین میڈیکل اسوسی ایشن کی سرسی شاخ کی طرف سے سرسی کے اسسٹنٹ کمشنر کو میمورنڈم سونپا گیا۔
میمورنڈم میں ٹی ایس ایس ڈاکٹروں پر ہوئے حملے پر سخت ناراضگی ظاہر کی گئی ہے اس میں لکھا گیا ہے کہ پرسوں رات ٹی ایس ایس اسپتال میں اننت کمار ہیگڈے اور ان کے ساتھیوں نے اسپتال کے ڈاکٹروں اور عملہ پر بغیر کسی اشتعال انگیزی کے قاتلانہ حملہ کیا ہے جس کی اسوسی ایشن کڑی مذمت کرتی ہے۔
ڈاکٹر پیشہ کے طورپر بہت ہی شریف مانے جاتے ہیں اور سماج کی اہم ذمہ داری کو اداکرتے ہیں، ایسے شریف اور سماجی ذمہ داروں پر غیر قانونی طورپر حملہ کرنا بہت بڑا جرم ہے۔ اس طرح کے واقعات ڈاکٹروں کو نفسیاتی سطح پر کمزور کرتے ہیں اور پیشہ کے لحاظ سے ان کا آگے بڑھنا مشکل ہوجاتاہے، اوراس طرح کے واقعات عام لوگوں کو بھی قانون اپنے ہاتھوں میں لینے کے لئے اشتعال دلاتے ہیں۔ ان وجوہات کو سامنے رکھتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ڈاکٹروں کے لئے مناسب حفاظتی اقدامات کا بندوبست کریں اور ملزم چاہے کوئی بھی ہو اس کے خلاف کڑی کارروائی کی جائے۔