ممبئی، 30؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )کئی الزامات کی وجہ سے اپنے عہدے سے ہاتھ دھونے کے لیے مجبور ہونے کے تقریبا ایک ماہ بعد مہاراشٹر کے سابق وزیر اور بی جے پی کے سینئر لیڈر ایکناتھ کھڑسے نے یہ کہہ کر تنازعہ پیدا کر دیا ہے کہ اگر انہوں نے زبان کھولی تو ملک میں ہنگامہ مچ جائے گا۔کھڑسے نے کل شام اپنے انتخابی حلقے میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔انہوں نے دعوی کیاکہ اگرچہ میں نے اپنے خلاف الزامات کی وجہ سے استعفی دے دیا ہے، اگر میں نے اپنی زبان کھولی تو پورا ملک ہل جائے گا۔سابق وزیر نے وزیر اعلی دویندر فڑنویس کو نشانے پر لیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گزشتہ اسمبلی انتخابات سے پہلے شیوسینا سے ناطہ توڑنے کا جو قدم اٹھایا تھا، اس کی وجہ سے بی جے پی ریاست میں بھگوا اتحاد کی قیادت کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر اسمبلی انتخابات سے پہلے بی جے پی اور شیوسینا کا اتحاد نہیں ٹوٹا ہوتا تو مہاراشٹر میں شیوسینا کا وزیر اعلی ہوتا۔میں نے اتحاد کو توڑنے میں اہم کردار اداکیا جس کی وجہ سے آج وزیر اعلی بی جے پی کا ہے۔کھڑسے ریاستی کابینہ میں ریونیو سمیت کئی اہم محکمہ سنبھال رہے تھے۔انہوں نے کئی الزامات کی وجہ سے استعفی دے دیا تھا۔ان الزامات میں زمینی سودے میں بے ضابطگیاں اور پاکستان میں رہ رہے مفرور انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے لینڈ لائن نمبر سے ان کے موبائل نمبر پر مبینہ طور پر فون آنے کے الزامات شامل ہیں۔