نئی دہلی 2مارچ ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) نجی ٹی وی کے دعویٰ کے مطابق اس کی خبروں کا یہ اثر پڑا کہ ہولی کے تہوار سے پہلے ایس ایس سی سیجیل ٹائیر 2 کے امتحان میں دھاندلی کے خلاف مظاہرہ کر رہے طالب علموں کے مطالبات ایس ایس سی نے تسلیم کر لیا ہے ۔ امتحان میں گڑبڑی کی ابتدائی انکوائری سی بی آئی اور سی ایف ایس ایل کرے گی۔ اگر ابتدائی تحقیقات میں سوالنامہ میں گڑبڑی نکلی تو سی بی آئی مفصل تفتیش کرے گی۔واضح ہو کہ ہولی پر اہل خانہ کو چھوڑ کر دہلی میں یہ طالب علم ایس ایس سی کے دفتر کے باہر گزشتہ 4 دنوں سے مظاہرہ کر رہے تھے۔ایس ا یس سی نے سی بی آئی جانچ کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ طلبا ء اپنا احتجاج اب واپس لے سکتے ہیں۔غور طلب ہے کہ ایس ایس سی امتحان میں رکاوٹ کے الزام پر طالب علموں کے مطالبات کو لے کر ABP نیوز کے شو’ گھنٹی بجاؤ‘ نے 28 تاریخ کو رپورٹ دکھائی تھی۔ایس ایس سی کمیشن کی جانب سے فروری میں منعقد کمبائنڈ گریجویٹ لیول ایگژام درجہ 2 ٹو کے لیے 1,89843 امید وار شامل ہوئے۔ ملک میں مختلف مراکز پر 17 سے 22 فروری کے درمیان آن لائن بھرتی امتحان ہوا تھا ۔ الزام ہے کہ آن لائن امتحان دینے کے بعد جب طالب علم باہر آئے تو پتہ چلا کہ اس کا پرچہ تو سوشل میڈیا پر پہلے سے موجود ہے۔ سوشل میڈیا پر امتحان کے لیک ہوئے کاغذ کے سکرین شاٹ گھوم رہے ہیں۔ مظاہرہ کر رہے طالب علم ان سکرین شاٹ کے نسخے لہر اکر انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔