لکھنؤ، 6؍جنوری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) یوپی میں ایم ایل سی انتخابات کے لئے نامزدگی کا عمل 11 جنوری سے شروع ہوگا۔ فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ 18 جنوری ہے۔ جبکہ ووٹنگ 28 جنوری مقررر کی گئی ہے۔
یوپی قانون ساز کونسل کے 12 ممبروں کی مدت 30 جنوری کو ختم ہورہی ہے ، اس صورتحال میں ریاستی الیکشن کمیشن نے بدھ کے روز ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ جس کے مطابق نامزدگی کا عمل 11 جنوری سے شروع ہوگا،پرچہ ٔ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 18 جنوری ہے، جبکہ ووٹنگ 28 جنوری کو ہوگی،اگلے 30 جنوری 2021 کو کونسل میں 11 نشستیں خالی ہو رہی ہیں۔ نسیم الدین صدیقی کی رکنیت منسوخ ہونے سے پہلے ہی ایک نشست خالی ہے۔
کونسل کے چیئرمین رمیش یادو ، نائب وزیر اعلی اور قائد ایوان ڈاکٹر دنیش شرما ،قائد حزب اختلاف احمد حسن نیز بی جے پی کے ریاستی صدر سوتنتر دیو سنگھ کی مدت بھی ختم ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی آشو ملک ، رام جتن راج بھر ، وریندر سنگھ ، صاحب سنگھ سینی ، دھرم ویر سنگھ اشوک ، پردیپ کمار جاٹو ، لکشمن پرساد اچاریہ کی مدت بھی ختم ہوگی۔انتخابی عمل کے نظام الاوقات حسب ذیل ہیں ۔ اندراج 11 جنوری سے شروع ہوگا اندراج کی آخری تاریخ 18 جنوری ہے۔نامزدگی کی جانچ پڑتال 19 جنوری ،21 جنوری کو نامزدگی کی تاریخ کی واپسی، 28 جنوری (صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک) ووٹنگ ہوگی۔