نئی دہلی،5 دسمبر(ایس او نیوز/پریس ریلیز) ویلفیئر پارٹی آف انڈیا نے پریس ریلیز جاری کرتےہوئے بتایا ہے کہ بابری مسجد مقدمہ میں کورٹ کے فیصلے اور اس پر کی جانے والی گندی سیاست ملک کے لیے افسوس ناک ہے۔ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ بابری مسجد کی یوم شہادت کے موقع پر 6 دسمبر کو ویلفیئر پارٹی کی طرف سے ملک کے متعدد شہروں میں سمپوزیم، سیمینار، مظاہرے اور ریلیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔
ویلفیئر پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر قاسم رسول الیاس نے پریس ریلیز میں بابری مسجد کے یومِ شہادت پر شدید غم و غصہ کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے دو بڑے ادارے سپریم کورٹ آف انڈیا اور سی بی آئی نے ملک کے تمام انصاف پسند و امن پسند افراد بالخصوص مسلمانوں کو سخت مایوس کیا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں آگے کہا عدالتِ عظمیٰ جو کہ دستور ھند کی نگہبان اور ملک کے تمام انسانوں بشمول مسلمانوں کو عدل و انصاف کا تیقن دیتی ہے۔ لیکن اس نے اس وقت تمام لوگوں کو جو عدل و انصاف میں یقین رکھتے ہیں سخت مایوس کیا، جب اس نے بابری مسجد ملکیت مقدمہ میں ایک عجیب و غریب اور مضحکہ خیز فیصلہ دیا ،جس میں کورٹ کے مشاہدات اور فیصلہ میں زبر دست تصادم ہے۔ عدالت عظمیٰ ایک طرف تو مسجد میں مورتیوں کے رکھے جانے (23Dec,1949) اور اس کی شہادت(06Dec,1992) کو غیر قانونی، غیر دستوری اور ایک مجرمانہ فعل قرار دیتی ہے، وہیں دوسری طرف اس متنازعہ زمین کو بڑی دیدہ دلیری کے ساتھ انہی لوگوں کے حوالہ کر دیتی ہے جو اس مجرمانہ فعل کے مر تکب ہو ئے تھے۔
ڈاکٹر الیاس نے آگے کہا کہ ملک کی پرائم خفیہ ایجنسی سی بی آئی نے اس معاملہ میں ایک پلے ہوئے طوطے کا کردار ادا کیا اس نے بجائے آزادنہ اور منصفانہ طور پر تحقیق کر نے کے، ان تمام افراد کو جو بابری مسجد انہدام کے ملزم تھے، ثبوتوں کے ناکافی ہو نے کی وجہ بتاتے ہوئے با عزت بری کر دیا۔ حالانکہ حکومت اور پرائیویٹ افراد و ایجنسیوں کے پاس وافر مقدار میں ثبوت موجود تھے۔ جب کہ لبراہن کمیشن نے اپنی17سالہ انکوائری کے بعد سنگھ پریوار اور اس سے متعلق تنظیموں کی اس سازش میں ملوث ہونے کی واضح نشان دہی کر چکا تھا۔
پارٹی کے قومی صدر نے مطالبہ کیا کہ بابری مسجد انہدام معاملہ میں سی بی آئی کورٹ کے فیصلے کو اوپری عدالت میں چیلنج کیا جانا چاہیے، تا کہ ان تمام ملزمین کو جو اس مجرمانہ فعل کے مر تکب ہوئے تھے اور جنھیں لکھنو بنچ نے ناکافی ثبوت کی بنیاد پر بری کر دیا، جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈالا جا سکے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ہم ملک کے با ضمیرافراد کو آواز دیتے ہیں کہ وہ بابری مسجد کے معاملہ میں مسلمانوں کے ساتھ جو ناانصافی اور امتیاز بر تا گیا ہے اس پر آواز بلند کرے۔
ریلیز کے مطابق 6 دسمبر کو ویلفیئر پارٹی ملک کے متعدد شہروں میں مختلف پروگرام جیسے سمپوزیم، سیمینار، مظاہرے اور ریلیوں کا اہتمام کرے گی اور صدر جمہوریہ ھند کو ایک یاداشت پیش کرے گی کہ وہ سی بی آئی کو حکم دیں کہ انہدام سے متعلق مقدمہ کو اگلی عدالت میں چیلنج کرے۔