ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بندوقیں نہ چھوڑنے والے کشمیری جنگجو ہلاک کئے جائیں گے: میجر جنرل

بندوقیں نہ چھوڑنے والے کشمیری جنگجو ہلاک کئے جائیں گے: میجر جنرل

Tue, 22 Jun 2021 12:47:30    S.O. News Service

سری نگر، 22؍ جون (ایس او نیوز؍یو این آئی) شمالی کشمیر میں قائم کلو فورس کے جی او سی میجر جنرل ایچ ایس ساہی نے کہا کہ بندوقیں نہ چھوڑنے والے مقامی جنگجوؤں کو ہلاک کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تشدد کی کارروائیاں کرنے والوں کے خلاف بہت جلد سرجیکل آپریشنز کئے جائیں گے۔

میجر جنرل ایچ ایس ساہی نے سوموار کو یہاں پولیس کنٹرول روم میں ایک پریس کانفرنس کے دوران نامہ نگاروں کو بتایاکہ جن مقامی لڑکوں نے بندوقیں اٹھائی ہیں میں ان سے اپیل کرتا ہوں کہ بندوقیں چھوڑ کر قومی دھارے میں شامل ہو جائیں '۔ان کا مزید کہنا تھاکہ اگر وہ ایسا نہیں کریں گے تو ان کا بھی انجام وہی ہوگا جو سوپور میں مارے گئے تین جنگجوؤں کا ہوا ہے '۔

جی او سی کلو فورس نے کہا کہ پاکستانی اور مقامی جنگجوؤں کے درمیان گٹھ جوڑ تشویش کا معاملہ ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ لوگ مل کر کام کر کے بے گناہ کشمیریوں کا خون بہاتے ہیں۔ اس گٹھ جوڑ کو توڑنے کی ضرورت ہے تاکہ کشمیر میں جاری امن اور ترقی کی فضا میں خلل پیدا نہ ہو۔ میں سیول سوسائٹی اور کشمیری عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سکیورٹی فورسز کا ساتھ دیں تاکہ نیٹورک کو تباہ کیا جا سکے '۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ یہ نیٹورک تشدد کی کارروائیاں جاری رکھنا چاہتا ہے۔ تشدد کو روکنے کے دو طریقے ہیں۔ اس نیٹورک کی حمایت کے راستے بند کرنے ہوں گے اور دوسرا اُن لوگوں کے خلاف کارروائی کرنی ہے جو خود عالیشان گھروں میں رہتے ہیں لیکن یہاں کے بچوں کو دہشت گرد بناتے ہیں '۔

میجر جنرل ایچ ایس ساہی نے کہا کہ جب جواں سال بچوں کے والدین ان سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ واپس گھر آئیں تو ہمیں بہت دکھ ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ نئے لڑکوں کو جنگجو بننے سے بھی روکنا ضروری ہے۔


Share: