ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنٹوال میں کانگریس اور بی جے پی اراکین کے درمیان تصادم۔4زخمی

بنٹوال میں کانگریس اور بی جے پی اراکین کے درمیان تصادم۔4زخمی

Sun, 20 May 2018 13:00:00    S.O. News Service

بنٹوال20؍مئی (ایس اونیوز) دو دن کے وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا کی طرف سے استعفیٰ دئے جانے کے بعدریاست کے مختلف مقامات پر جے ڈی ایس اور کانگریس کے کارکنان نے جشن منایا۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پرمنائے جارہے جشن کے دوران وٹلا کے کیلنجا نامی مقام پر بی جے پی اور کانگریس حامیوں کے درمیان تصادم ہوگیا جس میں دونوں پارٹیوں کے دو دو حامی زخمی ہوگئے۔

کہاجاتا ہے کہ جشن مناتے وقت کانگریس حامیوں نے’ بی جے پی مردہ باد ‘کے نعرے لگائے تو بی جے پی کے حامیوں نے’ کانگریس مردہ باد‘کے جوابی نعرے لگانے شروع کیے۔ اسی کے ساتھ زبانی تکرار شروع ہوگئی جو مارپیٹ میں بدل گئی۔دونوں گروپس کی طرف سے ایک دوسرے پر سوڈابوتلوں اور چھڑیوں کا استعمال کیا گیا۔کانگریس حامیوں میں زخمی ہونے والے عزیز اور سالوین کو علاج کے لئے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر میں داخل کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ بی جے پی سے وابستہ دو افراد کے زخمی ہونے کی بھی رپورٹ ہے۔

اسی طرح کولناڈ کے کوڈتا موگیرو نامی علاقے میں بھی دوگروپس کے درمیان مارپیٹ کی اطلاع ملی ہے جس میں چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دوزخمیوں کی شناخت دھنراج اور شرتھ کے طور پر کی گئی ہے جن کو علاج کے لئے پرائیویٹ اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

سیاسی گروہی تصادم کی خبر ملتے ہی ایس پی روی کانتے گوڈا اوردیگر اعلیٰ پولیس افسران نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور حالات پر قابو پالیا۔ ایس پی نے بتایا کہ یہ کوئی فرقہ وارانہ تصادم نہیں تھا، بلکہ سیاسی پارٹیوں کے درمیان ہونے والا ایک چھوٹا سا واقعہ تھا۔ایس پی روی کانتے گوڈا نے وہاٹس ایپ اور دیگر سوشیل میڈیا پر ان واقعات کے تعلق سے جھوٹی افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی وارننگ دی ہے۔


Share: