بنٹوال 2/دسمبر (ایس او نیوز) جعلسازی کے ذریعے کئی بینکوں کو جملہ 2کروڑ روپوں سے زائد رقم کا دھوکہ دینے والے شخص کو بنٹوال مضافاتی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق گرفتار کیے گئے ملزم کا نام بشیر عرف حسن بشیر(42سال) ہے، جو منگلورو پمپ ویل میں ایک اپارٹمنٹ میں مقیم تھا۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے جعلی دستاویزات پیش کرکے فرنگی پیٹ کی سومنگلا کوآپریٹیو سوسائٹی سے7لاکھ روپے موٹر گاڑی کے لئے قرضہ حاصل کیا تھا۔پولیس کو تحقیقات سے پتہ چلا کہ اس نے مختلف کمپنیوں کی کاریں فروخت کرنے والی ’کاروان آٹوموبائل‘ نامی ایک جعلی کمپنی قائم کی تھی۔اور اس کمپنی کے ذریعے جعلی دستاویزات جمع کرتے ہوئے اس نے سومنگلا سوسائٹی کے علاوہ منگلورو، بنٹوال، موڈبیدری اوروٹلا میں واقع دیگر کئی بینکوں کے ساتھ دھوکہ دہی کی ہے اور 2کروڑ روپوں سے زائد کا چونا لگادیا ہے۔آئی پی سی کی دفعہ 420کے تحت بنٹوال پولیس نے ملزم کے خلاف کیس درج کرلیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہے۔