بنٹوال 5؍مارچ (ایس او نیوز) شادی کی تقریب میں شرکت کے لئے جانے والی ایک بس میں پچھلے دروازے پر کھڑا نوجوان چلتی بس سے اچھل کر سڑک پرگرا گیا اور شدید زخمی ہوگیا۔حالانکہ اسے علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیاگیا تھا ،لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق گولی کٹے کا رہنے والا امیش (18سال) نامی نوجوان بنگاراڈکا سے شادی میں شرکت کے لئے جانے والے افراد میں شامل تھا۔ جب وٹلا تعلقہ کے نیرکاجے نامی مقام پر واقع ایک پیچ کے پاس ڈرائیور نے بس کو بڑی تیز رفتار سے گھمانے کی کوشش کی تو امیش کا توازن بگڑ گیا اور وہ دروازے سے اچھل کر دور سڑک پر جاگراجس سے اس کے سر میں شدید چوٹ آئی۔ فوری طور پر اسے پتور کے ایک اسپتال لے جایا گیا اور وہاں ابتدائی علاج کے بعد منگلورو کے اسپتال میں منتقل کیاگیا۔لیکن اس کی جان بچائی نہیں جاسکی۔
وٹلا پولیس نے بس ڈرائیور راجیش کے خلاف بے پروائی اور خطرناک طریقے سے بس چلانے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔