ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بنگلورو رامیشورم کیفےبم دھماکہ : این آئی اے کررہی ہے بلاری میں آئی ایس موڈیول کے 4ملزمین سے پوچھ تاچھ

بنگلورو رامیشورم کیفےبم دھماکہ : این آئی اے کررہی ہے بلاری میں آئی ایس موڈیول کے 4ملزمین سے پوچھ تاچھ

Sat, 09 Mar 2024 18:56:16    S.O. News Service

بنگلورو :9؍مارچ   (ایس اؤ نیوز ) بنگلورو کے رامیشورم کیفے میں ہوئےبم دھماکے کےمتعلق اب تک جٹائےگئےثبوتوں کی  بنیاد  پر این آئی اے کی ٹیم جانچ کررہی ہے۔  جس کے  دوران  پتہ چلا ہے کہ این آئی اے کی ٹیم بلاری پہنچ کر اسلامک اسٹیٹ  (آئی ایس )کے ٹیرر موڈیول میں مبینہ طورپر ملوث چارملزمین کو حراست میں لےکر پوچھ تاچھ کررہی ہے۔ وہیں تحقیقات میں مصروف افسران جس طرح بلاری میں ملزمین  موجود ہونے اور وہاں سے بس میں سوار ہونے کا سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل  کئے ہیں ۔ اُسی طرح مشتبہ ملزم کی بھٹکل میں موجودگی ثابت کرنےکےلئے اب تک کوئی سی سی ٹی وی فوٹیج نہ ملنے کی بات بھی  کہی ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق این آئی اے کی ٹیم نے مبینہ طور پر اسلامک اسٹیٹ ان عراق اینڈ سیریا (آئی ایس آئی ایس) سے تعلق رکھنے والے 'بلاری آئی ایس آئی ایس موڈیول' کے چار ملزمین کو حراست میں لیا ہے جن کی شناخت محمد مینازعرف سلیمان (26 سال) ،  سید سمیر (19 سال) ، شیان رحمان (26 سال)  اور انس اقبال شیخ (23 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔میڈیا رپورٹوں میں تحقیقاتی ایجنسی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ محمد میناز اس گروہ کا لیڈر ہے ۔ 

اس سے قبل بنگلورو کیفےمیں ہوئےبم دھماکے میں استعمال کئےگئےڈیٹونیٹر اور ٹائمر کی پہچان سےکچھ سراغ حاصل کرتےہوئے سال 2022کو منگلورو میں ہوئے کُّوکر دھماکے کےملزمین محمد شارق، معاذ منیر اورشیموگہ آئی ایس آئی ایس موڈیول سے متعلقہ دیگر افراد سے بھی پوچھ گچھ کئے جانے کی جانکاری ملی ہے۔

تحقیقات کا رخ بدل گیا:تحقیقاتی ایجنسیوں اور سی سی بی پولس نے اب تک ملےہوئے سراغ پر انحصار کرتےہوئے اپنی تحقیقات کا  رُخ  بدل دیا ہے۔ اب وہ بلاری موڈیول پر زیادہ فوکس کرتےہوئے اپنی جانچ جاری رکھے ہوئےہیں۔ اسی دوران یہ شبہ جتایاجارہاتھا کہ مشتبہ ملزم بھٹکل کی طرف گیا ہوگا۔ مگر ابھی تک ایسا کوئی سی سی ٹی وی فوٹیج نہیں ملا ہے جس کی بنیاد پر کہا جاسکے کہ وہ بھٹکل   گیا ہو۔

ابھی کسی تنظیم سے جوڑنا ممکن نہیں : حالانکہ ریاستی وزیر داخلہ ڈاکٹر پرمیشور نے بتایا کہ "مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں نے ملزم کو پہچان لیا ہے ۔ اس نے بسوں میں سفر کیا ہے ۔ ریاستی حکومت کو پورا یقین ہے کہ یہ معاملہ  جلد حل ہو جائے گا ۔ لیکن جب تک بم دھماکہ کرنے والا ملزم پکڑا نہیں جاتا تب تک اس واقعہ کو کسی تنظیم سے جوڑنا ممکن نہیں ہے ۔" مگر تحقیقاتی ایجنسیوں کے ذرائع اور میڈیا نے اسے ٘مخصوص رنگ دینے اور خاص تنظیم سے جوڑ کر ہی ماحول کو گرم کر رکھا ہے ۔ 

این آئی اے کی ٹیم پہنچی کلبرگی  :اترکنڑا ضلع کے انکولہ، گوکرن اور کمٹہ میں تفتیش کرنےکے بعد مشتبہ ملزم بس کے ذریعے کلبرگی پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ جس کے ساتھ ہی  این آئی اے  ٹیم  کلبرگی پہنچ کر شہر کے ریلوے اسٹیشن اور مرکزی بس اسٹینڈ پر نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کی تفتیش میں جٹ گئی ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق ایک ٹیم ریلوے اسٹیشن کے آر پی ایف تھانےمیں نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کررہی ہے تو دوسری ٹیم  اولڈ جیورگی روڈ پر نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کرنےکی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

عوام سے تعاون کی اپیل :این آئی اے ہیڈکوارٹر سے جاری ایک پیغام میں رامیشورم کیفے بلاسٹ کے ملزم تک پہنچنے کے لئَے عوام سے تعاون کی درخواست کی گئی  ہے ۔ ملزم کے تعلق سے جانکاری فراہم کرنے والوں کی شناخت کو مخفی رکھنے کا وعدہ کیا گیا ہے اور کسی بھی قسم کی معلومات دینے کے لئَے اس نمبر یا ای میل پر رابطہ کرنے  کی درخواست کی گئی ہے : 08029510900, 8904241100 یا پھر ای میل : info.blr.nia@gov.in 


Share: