ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلوروشہر میں گندگی کی نکاسی میں غفلت ناقابل برداشت: میئر گنگامبیکے ملیکارجن

بنگلوروشہر میں گندگی کی نکاسی میں غفلت ناقابل برداشت: میئر گنگامبیکے ملیکارجن

Mon, 22 Oct 2018 21:56:17    S.O. News Service

بنگلورو،22؍اکتوبر(ایس اونیوز) شہر میں جابجا لگے گندگی کے ڈھیر دیکھ کر آج میئر گنگامبیکے ملیکارجن نے بی بی ایم پی افسروں کو آڑے ہاتھوں لیا اور ہدایت دی کہ فوری طور پر گندگی کے ان ڈھیروں کی صفائی کا انتظام کیا جائے اور یہ بھی واضح کردیا کہ شام تک گندگی کے یہ ڈھیر صاف نہیں کئے گئے تو اس کے لئے بی بی ایم پی انجینئروں کو ذمہ دار قرار دیا جائے گا۔

شہر کے کے آر مارکیٹ ، گاندھی نگر اور دیگر بازاروں کا غیر متوقع دورہ کرتے ہوئے میئر نے دسہرہ تہوار کے سبب یہاں تاجروں کی طرف سے پھینکے گئے کچرے کے انبار کو دیکھ کر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہاکہ آج شام تک شہر کے تمام وارڈوں میں اگر صفائی کا انتظام ٹھیک طرح سے نہیں ہوپایا تو اس کے لئے ذمہ دار وارڈ انجینئروں اور بی بی ایم پی کے افسروں کو مانا جائے گا اور ان کے خلاف کارروائی بھی کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ کل تک اگر تمام وارڈوں میں گندگی کی صفائی کا کام صد فیصد نہیں ہوا تو اس کے بعد انجینئروں کے خلاف جو بھی کارروائی کی جائے گی اس کے لئے وہ خود ذمہ دار ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ سڑکوں پر جابجا فٹ پاتھوں اور دیگر مقامات پر گندگی کے ڈھیر لگادئے گئے ہیں، فوری طور پر ان کی صفائی کے لئے متعلقہ ایگزی کیٹیو انجینئر اور اسسٹنٹ انجینئر کارروائی کریں، بصورت دیگر ان انجینئروں پر کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ شہر میں جابجا ایچ ون این ون بخار کی شکایات عام ہوتی جارہی ہیں، ان شکایتوں سے نپٹنے کے لئے سب سے بڑا چیلنج شہر کی صفائی ہے، لیکن بد قسمتی سے بی بی ایم پی نے اس امر کو نظر انداز کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب تک ایچ ون این ون کنٹرول روم کو بارہ سے زائد شکایات موصول ہوئی ہیں۔ان تمام شکایتوں کی تفصیلات مکمل طور پر یکجا کرنے ہیلتھ افسروں کو ہدایت دی گئی ہے۔ میئر نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ بی بی ایم پی کی سبھی اسپتالوں اور دوا خانوں میں ایچ ون این ون کے متاثرین کو دوائیں فراہم کرنے اور دیگر طبی امداد دینے کی سہولتیں بھی مہیا کرائی گئی ہیں۔


Share: