بھٹکل:26؍دسمبر(ایس اؤ نیوز)انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے زیر سرپرستی چلنے والے اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول کا انجمن گراؤنڈ میں 26دسمبر 2016بروز جمعرات کو منعقدہ 80واں سالانہ جلسے میں انجمن انجنئیرنگ کالج کے پروفیسر سید ابراہیم کریکال اور انجمن پی یوکالج فارویمن کی پروفیسر محترمہ طالعہ معلم کے لختِ جگر سید اسحق کریکال کو ’ وقارِ اسلامیہ ‘ گولڈ میڈل ایوارڈ سے نوازتے ہوئے اعزاز بخشا گیا۔ خیال رہےکہ سید اسحق ، انجمن کے سابق جنرل سکریٹری مرحوم ظفرعلی معلم کے نواسے ہیں۔
جلسہ میں مہمان ِ خصوصی کے طورپر طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کرناٹکا یونیورسٹی دھارواڑ شعبہ فزکس کےپروفیسر ڈاکٹر محمد حسین کے ربینال نے کہاکہ عباسیہ خلافت کے دورمیں ہارون الرشید اور مامون الرشید نے جو علمی کام انجام دئیے ہیں وہ آج بھی اپنی اہمیت رکھتے ہیں۔ طلبا کو بھی ایسے کارنامے انجام دینا چاہئے وہ آئندہ صدیوں تک کام آئے ۔ اسی طرح انہوں نے والدین اور طلبا سےکہاکہ صرف ایک مخصوص میدان کی طرف ہی توجہ مت دیں، سائنس اور میڈیکل کے علاوہ بھی کئی میدان ہیں جن کی ملک اور ملت کو سخت ضرورت ہے۔صرف ایک میدان کی طرف توجہ دینے سے اگلے دنوں میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
اعزازی مہمان فالقان شاہین گروپ کے مینجنگ ڈائرکٹر عبدالسبحان نے بھی تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے والدین سے کہاکہ وہ بچوں پر مخصوص میدان میں ہی آگے بڑھنے پر دباؤ نہ ڈالیں ، بلکہ والدین طلبا جو پڑھنا چاہتے ہیں اس میں ان کا بھرپور تعاو ن کریں تو وہ اس میدان کے ماہر ہونگے ۔ انہوں نے بتایا کہ میڈیکل کے علاوہ سی اے ، قانون ، سماجی سائنس جیسےاہم مضامین کو اختیار کرنے کی صلاح دی۔انجمن صد سالہ جشن کے کنونیر عبدالرقیب ایم جے ندوی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انجمن پرائمری بورڈ کے سکریٹری آصف دامودی نےجلسہ کی صدارت کی۔
جلسہ کا آغاز محمد اشرف کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ نوشاد جمشیر نے ہدیہ نعت پیش کی۔ سید محمد رابع اور ساتھیوں نے اسکول کا ترانہ اور ترانہ انجمن نوشاد اور ساتھیوں نے پیش کیا۔ ہائی اسکول بورڈ سکریٹری عبدالوجد کولا نے استقبال کیا تو نوائط کالونی برانچ کے ان چارج صدر مدرس نذیر احمد نے مہانوں کا تعارف پیش کیا۔ہائی اسکول کے صدر مدرس شبیر احمد دفعدار نے سالانہ رپورٹ کی خواندگی کی۔اسکول کے استاد مولوی عبدالحفیظ ندو ی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے تو اسکول کے اساتذہ نورمحمداور رضاصاحب نے بالترتیب ثقافتی و کھیل انعامی تقسیم تقریب کی نظامت کی۔ مہمانوں کی خدمت میں انجمن کے ذمہ داروں نے یادداشت پیش کی۔ استاد عبدالرشید مرزانی نے شکریہ کلمات اداکئے۔ ڈائس پر انجمن کے جنرل سکریٹری صدیق اسماعیل، ایڈیشنل جنرل سکریٹری اسحق شاہ بندری موجود تھے۔