ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل بلدیہ وفد کا بنگلور میں وزیرا علیٰ اوردیگر وزراء سے ملاقات؛ شہری ترقیات کے لئے 500لاکھ روپئے خصوصی فنڈ کا مطالبہ

بھٹکل بلدیہ وفد کا بنگلور میں وزیرا علیٰ اوردیگر وزراء سے ملاقات؛ شہری ترقیات کے لئے 500لاکھ روپئے خصوصی فنڈ کا مطالبہ

Mon, 27 Mar 2017 17:57:52    S.O. News Service

بھٹکل:27/مارچ(ایس اؤنیوز)ٹاؤن میونسپل بھٹکل کے صدر محمد صادق مٹا کی قیادت اور بھٹکل کے رکن اسمبلی منکال وئیدیا کے تعاون سے بھٹکل بلدیہ کا ایک وفد ریاستی وزیرا علیٰ سدرامیا ، وزیر برائے میونسپل اور مقامی انتظامیہ ایشور بھیمنا کھنڈرے اور ضلعی نگراں کار وزیر آر وی دیش پانڈے سے ملاقات کرتے ہوئے بھٹکل شہر کی ہمہ جہت ترقی ، اندرونی نالیوں، روڈ لائٹ، عوامی باغ اور بلدیہ عمارت کی تعمیر کے لئے خصوصی طورپر 500لاکھ روپئے کی خصوصی امداد منظور کرنے کی مانگ کرتے ہوئے اُنہیں ایک  میمورنڈم پیش کیا۔

وزیرا علیٰ اور وزراء کو سونپے گئے میمورنڈ م میں کہا گیا ہے کہ شہر بھٹکل قدیم تاریخی شہر ہے ، شہری حدود میں 32ہزار کی آبادی بستی ہے، یہاں کی اکثر تعلیم یافتہ آبادی بیرونی ممالک میں برسرروزگار ہے ، وہ چاہتے ہیں کہ بین الاقوامی سطح کی بنیادی سہولیات بھٹکل میں ہوں، مقامی بلدیہ معاشی طورپر بنیادی سہولیات کو امداد جاری کرنے سے قاصر ہے کیونکہ بجٹ میں اس کی گنجائش نکالنا ناممکن ہے۔ بھٹکل تیز رفتاری سے ترقی کی طرف گامزن ہے، اس کے تحت بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے خصوصی فنڈ لازمی ہے، فی الوقت شہر کو جو مسائل درپیش ہیں اس کے تحت ہم نے ریاستی حکومت کے سامنے پیش کرتے ہوئے خصوصی فنڈ کی اپیل کی ہے ان میں سے کچھ مسائل اس طرح ہیں۔

IMG-20170327-WA0039.jpg

بھٹکل غوثیہ اسٹریٹ کا مسئلہ نواحی علاقہ کے عوام کی زندگی اجیرن کیا ہواہے اس کی منتقلی لازمی ہے، اگر منتقلی نہیں ہوئی تو عوام کو پینے کا پانی فراہم کرنےو الے کنویں گندے ہوجائیں گے اور علاقہ کے عوام جس مصیبت میں اس وقت ہیں مزید بگڑے گی۔ اس کی منتقلی کے لئے خصوصی امدا د کی ضرورت ہے۔ بلدیہ حدود میں کڈوین کٹا ڈیم سے پینے کے پانی کو سپلائی کیاجاتاہے۔ ندی اور ڈیم میں کیچڑ بھر جانے سے پانی کی سطح میں کمی آرہی ہے، اس کے ساتھ شرابی اور چوتھنی کی ندی میں کیچڑ بھرا ہواہے، ان ندیوں کا کیچڑ نکالا جاتاہے تو پینے کے پانی کے جو مسائل درپیش ہیں وہ مکمل  طور پر حل ہوجائیں گے۔ میمورنڈم میں اس کو نکالنے کے لئے انتظام کئے جانےکی اپیل کی گئی ہے۔

میمورنڈم میں بھٹکل کے زون 1میں اندرونی نالیوں کا کوئی انتظام نہ ہونے کی بھی بات کی گئی ہے، جس سے عوام کوکافی تکلیف ہورہی ہے، جس کے لئے ریاستی حکومت سے 250کروڑ روپیوں کی پیش کش کی گئی ہے، حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس فنڈ کو منظورکرتے ہوئے عوام کی دیرینہ مانگ پوری کرے۔ اسی طرح روڈ لائٹ، اندرونی نالیوں اور گٹھر کی تعمیر کے لئے بھی زائد امداد کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

میمورنڈم میں لکھا گیا ہے کہ بھٹکل بلدیہ کا پور بھون 350لاکھ روپیوں کی لاگت سے زیر تعمیر ہے ، 50 لاکھ روپیوں سے عمارت کی بنیاد ڈالی گئی ہے اور 85لاکھ روپیوں کا کام جاری ہے، عمارت کی تکمیل کے لئے قریب 215 لاکھ روپیوں کی ضرورت ہے بلدیہ کی طرف سے اس کے اخراجات نہیں اٹھائے جاسکتےہیں عمارت کے لئے ضروری 3 کروڑ روپئے کی امداد منظور کریں گے تو پور بھون کے نام پر عوام کو کئی سہولیات مہیا ہوں گے۔

میمورنڈم میں وزیراعلیٰ کو واقف کرایا گیا ہے کہ  بھٹکل بلدیہ میں کئی عہدے خالی ہیں عوام کے کاموں کو انجام دینے کے لئے عملہ کا ہونا لازمی ہے، اس سلسلے میں بھی حکومت توجہ دے کر خالی عہدوں پر جلد عملہ کی تقرری کریں.  اسی طرح شہر میں موجود عوامی سیر وتفریح کے باغ کی خستہ حالی کاتذکرہ کرتے ہوئے اُن باغوں کو  ٹھیک ٹھاک کرکے عوام اور بچوں کو سیر وتفریح کا لطف مہیا کرنے کے لئے بھی امداد کا مطالبہ کیا گیا ہے، اور اسکے لئے خصوصی فنڈ جاری کرنےکی اپیل کی گئی ہے ۔ بلدیہ وفد میں بلدیہ صدر محمد صادق مٹا اور رکن اسمبلی منکال وئیدیا سمیت، نائب میونسپل صدر اشفاق کےایم، ممبران ایس ایم سید احمد پرویز ، محی الدین الطاف کھروری ، عبدالرحیم کے ، وینکٹیش نائک وغیرہ موجود تھے۔


Share: