بھٹکل : 4؍اکتوبر(ایس اؤ نیوز) بھٹکل شمس الدین سرکل سے متصل بندر روڈ کی سڑک اتنی خستہ ہوگئی ہےکہ سڑک پرسے گزرتے ہوئے اکثر بائک سوار نیچے گرتے رہتے ہیں ۔ غیر معیاری سڑک سے بیزار عوام نے بالاخر پریشان ہوکر خود ہی جے سی بی مشین کے ذریعے گڑھوں کو بند کرنے کا کام شروع کردیا جس سے کسی حد تک راستےکو ہموار کیا گیا۔ مقامی عوام کے اس کام کو ایک طرف سڑک استعمال کرنے والے عوام ستائشی نظروں سے دیکھ رہے ہیں وہیں لوگ انتظامیہ پر سوال اُٹھارہے ہیں کہ آخر وہ اتنی مدت سے سڑک کی خستہ حالی کو دیکھ کر بھی انجان کیوں بنے بیٹھے ہیں ؟
لوگوں کا کہنا ہے کہ ریاستی شاہراہ کہلانے والی بندرروڈ کی خستگی اور غیر معیاری کام متعلقہ محکمہPWD کی نظر اندازی کو ظاہر کرتاہے ۔ علاقے کے عوام سڑک کی مرمت کےلئے کئی مرتبہ ذمہ داران کی توجہ مبذول کراچکے ہیں لیکن محکمہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے، جب علاقہ کے لوگوں نے دیکھا کہ بائک سوار سڑک پر موجود گڑھوں کی وجہ سے گررہے ہیں تو عوام نے خود آگے بڑھ کر مشینوں کے ذریعے سڑک کی مرمت کروائی ہے۔
دوسالوں میں ہی نئی تعمیر شدہ سڑک کی تارکول نکل جاتی ہے اور سڑک پر بڑے بڑے گڑھے پڑجاتے ہیں تو سڑک کی تعمیر کتنی معیاری ہے، ا س بات کا اندازہ لگایا جاسکتاہے۔ حالیہ دنوں میں سڑک کی مرمت کے لئے راستےکے درمیان پودوں کو نصب کرتےہوئے بھی لوگوں نے احتجاج کیا تھا۔ اس کے باوجود کسی افسر یا عوامی نمائندےکی نگاہ اس طرف نہیں گئیں۔ اس موقع پر سابق بلاک کانگریس صدر وٹھل نائک، شری نواس نائک، گریش نائک، موہن تلگوڈ، سمرود نائک، شیکھر نائک وغیرہ موجود تھے۔
