بھٹکل 18 اگست (ایس او نیوز) بھٹکل بندرروڈ پر رات قریب 12 بجے سڑک حادثے میں جو نوجوان شدید زخمی ہوا تھا ، وہ آج دوپہر منی پال اسپتال میں چل بسا۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔
یاد رہے کہ 21 سالہ محمد حُسین ابن حنیف بُڈن گیری کی بائک بندر جانے کے دوران مخالف سمت سے آنے والی ایک کار سے ٹکراگئی تھی ، جس کے نتیجے میں محمد حُسین شدید زخمی ہوگیا تھا اور اسے بھٹکل سرکاری اسپتال میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد نازک حالت میں منی پال شفٹ کیا گیا تھا۔
پولس نے بتایا کہ بائک پر تین لوگ سوار تھے جو بندر جارہے تھے جس کے دوران حادثہ پیش آیا تھا، پولس نے بتایا کہ بائک پر سوار مزیدایک نوجوان عمران ابن شبیر احمد کو بھی اندرونی چوٹ لگی تھی اور اُسے پرائیویٹ اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، پتہ چلا ہے کہ و ہ اب اسپتال سے ڈسچارج ہوچکا ہے، جبکہ تیسرے نوجوان عبدالرحمن کو معمولی چوٹ لگی تھی۔ ان تینوں کی عمریں 20 سے 22 سال ہے۔
پتہ چلا ہے کہ منی پال اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر انتقال کرنے والے محمد حُسین کی میت ضروری کاروائیوں کے بعد گھروالوں کے حوالے کی جائے گی، شام پانچ بجے تک میت بھٹکل آزاد نگر شڈکولی ہونڈا میں واقع مکان پہنچنے کی توقع ہے۔
بھٹکل ٹاون پولس تھانہ میں اس تعلق سے معاملہ درج کیا گیا ہے۔