ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل تعلقہ میں آدھار کارڈ کا مسئلہ؛ عوام میں سخت برہمی؛ ہرروز شام چار بجے اگلے دن کا ٹوکن دئے جانے پر غور

بھٹکل تعلقہ میں آدھار کارڈ کا مسئلہ؛ عوام میں سخت برہمی؛ ہرروز شام چار بجے اگلے دن کا ٹوکن دئے جانے پر غور

Wed, 28 Aug 2019 18:03:33    S.O. News Service

بھٹکل 28/اگست (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ میں آدھار رجسٹریشن یا کارڈ میں کوئی ترمیم و تنسیخ کے لئے مناسب سہولت نہ ملنے کی وجہ سے عوام سخت پریشان اور ناراض دکھائی دے رہے ہیں۔ پچھلے کئی مہینوں سے اس سلسلے میں عوام بار بار احتجاج کررہے ہیں، میڈیا میں عوام کے مسائل کو سامنے لایا جارہے۔ عوامی منتخب نمائندوں اور متعلقہ محکمہ جاتی افسران سے مناسب انتظامات کرنے کی درخواستیں کی جارہی ہیں۔ مگر ا س کے بعد بھی آدھار کارڈ کے مسائل جوں کے توں برقرار ہیں۔

 بھٹکل تعلقہ کے ہیڈ پوسٹ آفس جہاں آدھار کارڈ کی سہولت فراہم کی جاتی ہے وہاں پر منگل کے دن بھی آدھار کارڈ کے سلسلے میں جمع افراد نے سہولت نہ ملنے کی وجہ سے اپنی ناراضی کا اظہار کیا۔کیونکہ اپنا کام کاج چھوڑ کر آدھی رات اور علی الصبح پوسٹ آفس کے روبرو جمع ہونے کے بعد بھی بہت سے لوگوں کو ٹوکن نہ ملنے کی وجہ سے خالی ہاتھ واپس لوٹنا پڑتا ہے۔ حالانکہ لوگوں کی بھیڑ کو کم کرنے کے لئے دفتر میں روزانہ 40ٹوکن دینے کی سہولت رکھی گئی ہے لیکن عوام کا کہنا ہے کہ متعلقہ دفتر میں جو ذمہ دار ہیں وہ لوگ ٹوکن کی تقسیم میں گڑبڑ کررہے ہیں اور روزانہ کوٹے کے حساب سے ٹوکن دینے میں کوتاہی کررہے ہیں۔اس میں بدعنوانی کا شبہ کیا جارہا ہے۔ کچھ لوگ سماجی خدمت گاروں کے روپ میں دلالی کررہے ہیں اور اندرونی طورپر ٹوکن حاصل کرلیتے ہیں۔عوام نے افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ آدھار کارڈ کے لئے رشوت دے کر خفیہ ٹوکن حاصل کرنے والے لوگوں پر روک لگائی جائے۔

عوام کے اشتعال اور احتجاج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انچارج پوسٹ ماسٹر پی این شیٹی نے کہا کہ اب ہرروز شام 4بجے دوسرے دن کے لئے ٹوکن تقسیم کرنے کے بارے میں غور کیا جارہا ہے۔


Share: