کاروار:2/ جولائی (ایس او نیوز)گائیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے نام پر گائیوں کو لے جارہی ایک ٹرک پر حملہ کرتے ہوئے لاری ڈرائیور اور کلینر کو شدید زخمی کرنے کے الزام میں مرڈیشور میں گرفتار 13 لوگوں کو ضلعی عدالت نے ضمانت دینے سے انکار کردیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل کاروار جیل میں بند سبھی 13 ملزموں کو بھٹکل جوڈیشیل میجسٹریٹ فرسٹ کلاس کورٹ نے جوڈیشیل کسٹڈی کو آگے بڑھایاتھا۔
معاملے کو لے کر سبھی 13ملزموں نے ضمانت کے لئے ضلعی عدالت کا درواز ہ کھٹکھٹایا تھا مگر ضلعی عدالت نےبھی انہیں ضمانت دینے سے انکار کرتے ہوئے ان کی کسٹڈی کو جاری رکھا ہے۔ پولس نے تمام ملزموں کو واپس کاروار جیل میں بند کردیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ 21 مئی کو بھٹکل تعلقہ کے مرڈیشور بستی نیشنل ہائی وے پر گئو آتنکیوں نے گائیوں اور بچھڑوں سے بھری دو لاریوں کو یہ سوچ کر حملہ کردیا تھا کہ اسے بھٹکل کے قصائی خانہ میں لے جایا جارہا ہے۔ ان لوگوں نے لاری کو روک کر زبردست غنڈہ گردی کرتے ہوئے دونوں لاریوں کے ڈرائیوروں اور کلینروں کی بری طرح زودوکوب کیا تھا اور سبھی جانوروں کو لاریوں سے نکال کر آزاد کردیا تھا۔ بعد میں پتہ چلا تھا کہ جانوروں سے بھری دونوں لاریاں گجرات کے ایک گئو شالہ سے کیرالہ کے ایک ڈیری ملک لے جائی جارہی تھی اور متعلقہ ڈیری ملک دکشن کنڑا کے ایک رکن اسمبلی کے بھائی کی تھی۔
لاری ڈرائیور کے ذریعے شکایت درج کرتے ہی پولس نے حملہ آروں کے خلاف معاملات درج کرتے ہوئے فوری طور پر سبھی فرار شدہ جانوروں کو واپس حاصل کرلیا تھا اور 13 لوگوں کو گرفتار کرلیا تھاجو گذشتہ 50دنوں سے کاروار جیل میں بند ہیں اور ابھی تک ان کو ضمانت نہیں ملی ہے۔