ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل جامعۃ الصالحات کے لئے عہدیداران کا انتخاب؛ عبدالحمید دامودی پھر ایک بار صدر اور مولانا الیاس جاکٹی ندوی نئے ناظم منتخب

بھٹکل جامعۃ الصالحات کے لئے عہدیداران کا انتخاب؛ عبدالحمید دامودی پھر ایک بار صدر اور مولانا الیاس جاکٹی ندوی نئے ناظم منتخب

Mon, 26 Aug 2019 17:47:08    S.O. News Service

بھٹکل 26/اگست (ایس او نیوز) لڑکیوں کو دینی تعلیم  سے آراستہ کرنے   45 سالوں سے قائم جامعۃ الصالحات کے لئے  آج پیر کو نئے عہدیداران کا انتخاب عمل میں آیا جس میں  جناب عبدالحمید دامودی صاحب پھر ایک بار صدر کے عہدہ پر منتخب ہوئے تو وہیں بھٹکل کے معروف عالم دین  اور علی میاں اسلامک اکیڈمی کے  روح رواں  مولانا الیاس جاکٹی ندوی نئے   ناظم کے  طور پر منتخب ہوئے۔ ذرائع نے بتایا کہ    اس بار جامعۃ الصالحات کے لئے ایک نئے عہدہ کا اضافہ کیا گیا اور سابق ناظم  مولوی عبدالعلیم  قاسمی صاحب کو ترقی دے کر   ناظم اعلیٰ  بنایا گیا۔

جامعۃ الصالحات کے19 ٹرسٹیان پر مشتمل عہدیداران کے انتخاب کے لئے  میٹنگ کا آغاز جناب خلیل الرحمن مُنیری کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، جناب عبدالحمید دامودی صاحب نے  میٹنگ کی صدارت کی جس کے بعد  عہدیداران کا انتخاب کیا گیا۔ منتخب عہدیداران اس طرح ہیں:
صدر:   جناب عبدالحمید دامودی
نائب صدر:   مولانا محمد انصار خطیب مدنی
ناظم اعلیٰ:    مولوی عبدالعلیم قاسمی
ناظم:   مولانا محمد الیاس جاکٹی ندوی
نائب ناظم:   مولوی خلیل الرحمن مُنیری

خیال رہے کہ سن 1974 میں لڑکیوں کو دینی تعلیم فراہم کرنے کے مقصد سے  جامعۃ الصالحات   کی شروعات  صرف ایک طالبہ اور ایک معلمہ سے  کی گئی تھی اور اب  یہ ادارہ  تناور درخت کی شکل اختیار کرگیا ہے۔  حال ہی میں  جالی روڈ پر بھی  جامعۃ الصالحات کی ایک شاخ  قائم ہوچکی ہے  اور اس طرح سلطان اسٹریٹ اور جالی روڈ   دونوں جامعۃ الصالحات میں    جملہ 22 معلمات  سمیت 31 اسٹاف کے ساتھ  یہاں قریب 450 طالبات زیرتعلیم ہیں۔ 

  اب تک جامعۃ الصالحات  سے ہزاروں طالبات عالمہ اور حافظہ بن کر فارغ ہوچکی ہیں اور ایک اندازے کے مطابق  بھٹکل کے ہر گھر میں کم از کم ایک  خاتون  جامعۃ الصالحات سے فارغ ہیں۔ یہاں زیادہ تر طالبات میٹرک ، سکینڈ پی یوسی اور گریجویٹ مکمل کرکے داخلہ لیتی ہیں  اور اس طرح دُنیوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم سے بھی    آراستہ رہتی  ہیں۔


Share: