بھٹکل:16/فروری (ایس او نیوز) ہیبلے پنچایت میں عوامی میٹنگ کے دوران حنیف آباد اور مدینہ کالونی کے مکینوں نے علاقے کے مختلف مسائل کے حل کا مطالبہ لے کرتعلقہ کے ہیبلے گرام پنچایت کے صدر اور ممبران کو میمورنڈم پیش کیا اور مختلف سرکاری آفسران سے سوال کیا کہ علاقہ کے مسائل کے حل کے تعلق سے انتظامیہ کیوں متحرک نہیں ہے۔
میمورنڈم میں عوام نے پنچایت کے سامنے مسائل کا انبار پیش کرتے ہوئے کہا کہ حنیف آباد اور مدینہ کالونی کثیر آبادی پر مشتمل بڑا علاقہ ہے جو ہیبلے گرام پنچایت کی حدود میں آتاہے۔ یہاں کی آبادی میں دن بدن اضافہ ہوتاجارہاہے، علاقہ کے باشندے ایمانداری کے ساتھ ہرسال ناغہ کئے بغیر اپنا ٹیکس اور دیگر محصولات ادا کرتے ہیں۔ لیکن ہیبلے پنچایت کی طرف سے علاقہ کےکسی بھی مسئلہ کی طرف توجہ نہیں دی جارہی ہے، نہ کوئی سہولیات ہیں، علاقوں کے مسائل کو کئی مرتبہ پنچایت کے صدر و ممبران کے سامنے زبانی پیش کیا جاچکاہے۔ لیکن کوئی فائدہ نظرنہیں آرہا ہے، جس کو دیکھتے ہوئے اب تحریری طورپر اہم و ضروری مسائل کا تذکرہ آپ کے سامنے کررہے ہیں۔
میمورنڈم میں بتایا گیا ہے کہ علاقہ میں کچرانکاسی کا کوئی مناسب انتظام نہ ہونے کی وجہ سے عوام کچروں کو جہاں تہاں سڑکوں پر پھینکنے پر مجبور ہیں جس سے ماحول گندہ ہونے کے ساتھ ساتھ بدبو سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔ اندرونی نالیوں کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے گندہ پانی کنوؤوں کے پانی کو گدلا کررہاہے اور کنوؤوں سے بدبو آرہی ہے۔
میمورنڈم میں موسم گرما میں پینے کے پانی کا مناسب انتظام کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ علاقہ میں بعض جگہوں پر سڑکیں نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو گھومنےپھرنے میں مشکلا ت پیش آرہی ہیں، سڑکوں پر لائٹ کم ہونےسے روشنی سے زیادہ اندھیراہی رہتاہے، بچوں اور عورتوں کے لئے رات کے اوقات میں کہیں جانے آنے میں دشواریاں ہورہی ہے، میمورنڈم میں روڈ لائٹ میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اس موقع پر علاقہ میں صاف صفائی کا خاص خیال رکھنے اور ہر روز کچروں کی نکاسی کا انتظام کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا، اسی طرح میمورنڈم میں عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے کے کچروں کی نکاسی سمیت دیگر سبھی مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کرنے کے سلسلے میں اقدامات کریں ۔
پنچایت صدر این ڈی موگیر نے میمورنڈم وصول کرتے ہوئے یقین دلایاکہ وہ بیان کئے گئے مسائل کے حل کی طرف توجہ دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پنچایت کے پاس کچروں کو پھینکنے کے لئے مناسب جگہ نہیں ہے، جس کی بنائ پر ہرروز کچروں کو راستوں کے کناروں سے اُٹھانا ممکن نہیں ہے۔ البتہ انہوں نے یقین دلایا کہ ابھی جو کچروں کا ڈھیر راستوں کے کنارے جمع ہے، اُسے فوری وہاں سے نکالیں اور علاقوں کو صاف کریں گے مگر انہوں نے مدینہ کالونی اور حنیف آباد کے عوام سے درخواست کی کہ وہ کچروں کو راستوں پر نہ پھینکیں، اسی طرح انہوں نے ذمہ داران سے بھی درخواست کی کہ وہ عوام میں صفائی کے تعلق سے بیداری مہم چلائیں۔
اس موقع پر مدینہ ویلفئر سوسائٹی کے جنرل سکریٹریمولانا عرفان ایس ایم ندوی، رکن انتظامیہ رضوان گنگائولی، اسلم ولکی، عبدالرحمن مصباح ودیگر ذمہ داران موجود تھے۔