بھٹکل :15؍ نومبر(ایس اؤ نیوز)مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے زیر اہتمام 13نومبر بروز اتوار کو خلیفہ جامع مسجد میں ملک عزیز کے ہم وطن بھائیوں کے ساتھ آپسی خوشگوار تعلقات کے اعلیٰ نمونے کو پیش کرنےو الے معنی خیز ’’مسجد درشن‘‘ پروگرام کا انعقاد ہوا۔ مسجد درشن میں ہم وطن بھائیوں کی کثیر تعداد شرکت کرتےہوئے بھائی چارگی کی عملی مثال پیش کی۔
اتوار کی نمازِ عصر کے بعد مسجد کے اندر سجائے گئے ڈائس پروگرام کی شروعات مولانا مزمل ہلارے ندوی کی تلاوت قرآن سے ہوئی ۔ مولانا ضمیر رشادی نے کنڑا ترجمہ پیش کیا۔ مولوی عمیر سدی باپا ندوی نے ہدیہ نعت پیش کی۔ انجمن ڈگری کالج بھٹکل کے موظف پرنسپال ڈاکٹر ضمیر اللہ شریف نے استقبال کرتے ہوئے پروگرام کی نظامت کی، کنڑا صحافی محمد رضامانوی نے جماعت کا مختصر تعارف پیش کیا۔
مسجد درشن میں شریک بھٹکل برادران وطن کے مختلف طبقات نامدھاری، موگیر، دیواڑیگا کے ذمہ داران نے اپنے اپنے تاثرات کا اظہارکیا۔ دیواڑیگا سماج کے صدر پرمیشور دیواڑیگا نے سبھی دھرموں کے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایمانداری کےساتھ اپنے دھرموں کا مطالعہ کریں۔ موگیر طبقےکے صدر انپا موگیر اور لیڈر ایڈوکیٹ ای ایچ ناگراج، نامدھاری طبقے سے تعلق رکھنے والے کنڑا صحافی ستیش کمار نے بھی اپنے اپنے خیالات کااظہارکیس۔ عیسائی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے کریکل چرچ کے فادر لارینس نے بھی غلط فہمیوں کو دورکرتےہوئے غلط خیالات میں بہے بغیر ایک دوسرے کو جاننے اور سمجھنے کی کوشش کرنے پر زور دیا۔
اجلاس کے دوران مغرب کی نماز کا وقت آیا تو برادران وطن نے مسجد کے اندر ہی بیٹھ کر اذان اور نماز کامشاہدہ کیا۔ بعد نمازِ مغرب اجلاس جاری رہا ۔ عزیزی عبدالہادی ابن مولانا محمد عرفان ایس ایم ندوی نے امن وشانتی پر مشتمل کنڑا نظم پُر ترنم آواز میں پیش کی۔ مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے جنرل سکریٹری مولوی عبدالرقیب ایم جے ندوی نے اپنے تاثرات بیان کئے توضلع اُڈپی کے قاضی مولانا عبیدا للہ کنڈلوری نے اسلام اور نماز نیز اذان کا تعارف پیش کیا ۔
مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے چیف قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی نے سبھی انسانوں کو ایک ہی ماں باپ کی اولاد بتاتے ہوئے ایک خداکی عبادت کیوں کی جاتی ہے اس پر روشنی ڈالی اور مسجد درشن کا اصل مقصد بتاتےہوئے برادران وطن سے مخلصانہ اپیل کی کہ آپس میں قریب رہیں، ساتھ میں رہیں، مل جل کر رہیں، اگر ہم اس طرح رہیں گے تو ہندوستان ایک ایسی قوت بن جائے گاکہ دنیا کی کوئی طاقت مقابلہ نہیں کرسکتی۔ سرکاری نوکر سنگھا کے سابق صدر اور ریٹائرڈ ٹیچر شری ایم بی نائک، نیو انگلش اسکول کے موظف ہیڈماسٹر شری ایم کے نائک، انجمن پی یو کالج لیکچرر اور ڈاکٹر گروراج اور کنڑا ساہتیہ پریشد کے صدر شری گنگادھر نائک نے مسجد درشن کے تعلق سے اپنے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے ایسے پروگراموں کو وقفے وقفے سے کرنے اور عوام کے اندر پھیلی غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کرنے پر زور دیا۔ جماعت کےنائب صدر ابوبکر قمری نے صدارت کی۔ جماعت کے نائب سکریٹری مولوی انجم گنگاولی نے اختتامی تاثرات پیش کئے۔ سیرت مہم کے کنونیر طلحہ سدی باپا نے شکریہ کلمات ادا کئے۔ جماعت کےنائب قاضی مولانا ایمن قمری ندوی کی دعا پر اجلاس کا اختتام ہوا۔ مہمانوں کو بطور یادداشت میمنٹو دیاگیا۔ڈائس پرجماعت کے نائب صدر ڈاکٹر زبیر کولا، جماعت کے جنرل سکریٹری اسماعیل جوباپو ودیگر موجود تھے۔ برادران وطن میں نوجوانوں کی کثیر تعداد شریک اجلاس رہی۔ اجلاس کے بعد بہترین تواضع کا انتظام کیا گیا تھا۔