بھٹکل 9 / مارچ (ایس او نیوز) بھٹکل تحصیلدار کی طرف سے جاری کیے گئے اخباری اعلان کے مطابق بھٹکل سرکاری اسپتال میں مفت کوویڈ ٹیکہ کاری (ویکسی نیشن) کا دوسرا مرحلہ 2 مارچ سے جاری کیا گیا ہے اور اس مرحلے میں 60 سال سے زائد عمر کے تمام شہریوں کو اور 45 سال سے 59 سال کے ان افراد کو ٹیکہ لگایا جائے گا جو عمر سے تعلق رکھنے والے امراض سے لاحق ہوں۔ ایسے لوگوں کو بھی ٹیکہ لگایا جائے گا جن کا تعلق ہیلتھ ورکرس سے ہو اور جنہوں نے ابھی تک ٹیکہ نہیں لگایا ہو۔ پریس ریلیز میں فرنٹ لائن ورکرس کو بھی ٹیکہ لگانے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔
ٹیکہ کاری کی یہ سہولت بھٹکل تعلقہ ہاسپٹل میں ہر دن دستیاب رہے گی۔ جبکہ پرائمری ہیلتھ سینٹر مرڈیشور، بیلکے، بیلورو اور کمیونٹی ہیلتھ سینٹر شیرالی میں ہر پیر، بدھ، جمعہ اور سنیچر کے روز ٹیکہ لگایا جائے گا۔
45 سال سے 59 سال عمر کے افراد کو ویکسی نیشن کے سرکاری اسپتال میں آنے سے پہلے خود کو لاحق امراض کی تفصیل رجسٹرڈ میڈیکل پریکٹیشنر (اپنا علاج کر رہے ڈاکٹر) سے تحریری طور پر لانی ہوگی۔
ہیلپ لائن نمبر پر اپنا نام رجسٹر کرکے اپنی سہولت کے مطابق سرکاری ویکیسی نیشن سینٹر میں جا کر ویکسین لگوائی جا سکتی ہے۔ یا پھر براہ راست ویکسی نیشن سینٹر پہنچ کر اپنا نام رجسٹریشن کروایا جا سکتا ہے۔ ویکسی نیشن سینٹر جاتے وقت اپنے ساتھ آدھار کارڈ یا کوئی دوسرا باتصویر شناختی کارڈ لانا لازمی ہے۔ تعلقہ انتظامیہ کی طرف سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اس مفت ٹیکہ کاری سہولت کا بھر پور فائدہ اٹھائیں۔