بھٹکل:25/اگست(ایس او نیوز)سمندرمیں ماہی گیری کے دوران توازن کھو کر پانی میں ڈوبے لوکیش گنیش بھنڈاری (32) کی نعش چار دن بعد بھی نہ ملنے پرشرالی کے وینکٹاپور میں اسکا گھر ماتم کدہ بنا ہواہے۔
ملپے کے جئے شنکر نامی بوٹ سے ماہی گیری کے لئے 21اگست کو نکلا لوکیش نیترانی جزیرہ کے قریب توازن کھو کربوٹ سے گرگیا تھا اور سمندرمیںغائب ہوگیاتھا۔ گھروالوں نے بتایا کہ پولس کو شکایت دے کر 3دن ہوچکے ہیں مگر ابھی تک ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کوئی مدد نہیں ملی ہے اورنعش کی تلاش نہیں ہوپائی ہے۔ گھروالوں نے اخبارنویسوں سے پوچھا کہ ہم کس سے کہیں، کس سے پوچھیں، کوسٹل گارڈ کے ہیلی کاپٹر، بحریہ کی خدمات ہم جیسوں کو کہاں میسر ہیں۔ بیٹے کے انتظار کے غم میں نڈھال ہوکر والدین اسپتال پہنچنے کے حالات ہیں۔ اس تعلق سے جب ماہی گیر محکمہ کے افسرروی سے پوچھا گیاتو انہوں نے بتایا کہ اعلیٰ افسران کو اطلاع دی گئی ہے، نعش کی تلاش کے لئے مقامی ماہی گیروں سے درخواست کی گئی ہے۔