بھٹکل:27؍نومبر(ایس اؤ نیوز)علی پبلک اسکول بھٹکل میں نویں جماعت میں زیر تعلیم عزیزم عمیر ابن عبدالباسط حافظ نے حفظ قرآن کی سعادت حاصل کرنے پر 27نومبر بروز بدھ بعدنماز ظہر علی پبلک اسکول میں ایک تقریب کا اہتمام ہوا۔
حضرت مولانا محمد صادق اکرمی ندوی نے متعلم کو ہدایت سے نوازتے ہوئے عمیر ابن عبدالباسط کو قرآن ختم کرایا۔ مولانا نے قرآن سنا اور دعاؤں کے ساتھ قرآن کو یاد رکھنے اور اس پر عمل کرنے کی ہدایت بھی دی۔ اسی موقع پر اسکول میں مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی کے محسن و سابق سرپرست حضرت مولانا ریاض الرحمن رشادی ؒ (سابق خطیب سٹی جامع مسجد بنگلورو ) کی طرف منسوب مولانا ریاض الرحمن ہال کا افتتاح جماعت المسلمین بھٹکل کے چیف قاضی مولانا ملا محمد اقبال ندوی کی دعا سے عمل میں آیا ۔
تقریب کا آغاز عزیزی ظہیر الدین کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ اکیڈمی کے اڈمنسٹریٹر مولانا عبدالباری دامدا نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے مہمانوں کا استقبال کیا۔ سہیم اور اریب نے ہدیہ نعت پیش کی۔ قرآن کے موضوع پر عبداللہ سہیم اور علی شاذ نے بہترین نظم پیش کی۔ اکیڈمی کے بانی مولانا محمد الیاس جاکٹی ندوی نے تقریب کی غرض و غایت اور مرحوم مولانا ریاض الرحمن رشادی ؒ اور علی میاں اکیڈمی کے تعلقات پر روشنی ڈالی ۔ جامع مسجد ٹین پوش لال ٹیکری حیدرآباد کے امام وخطیب مولانا احمد عبید الرحمن اطہر ندوی نے حفظ قرآن کے متعلق اظہار خیال کیا ۔ تقریب میں علماء کرام اور معززین وغیرہ شریک تھے۔