ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل مسلم اسوسی ایشن ریاض کا تزک و احتشام کے ساتھ عید ملن پروگرام : کئی انعامات کی تقسیم

بھٹکل مسلم اسوسی ایشن ریاض کا تزک و احتشام کے ساتھ عید ملن پروگرام : کئی انعامات کی تقسیم

Sat, 09 Jul 2016 20:09:52    S.O. News Service

ریاض:9/ جولائی(ایس او نیوز؍نصیف ائیکری(آج ہم مسلمان دنیامیں پیدا ہونے کا مقصد بھول چکے ہیں، جب کہ ہمارا مقصد تھا کہ ہم قرآن و حدیث کی روشنی میں اپنی زندگی گزاریں ، لیکن ہم نے قرآن وحدیث سے روگردانی کی تو مشکلات نے ہمیں گھیر لیا ہے، واضح رہے کہ یہی دو ہماری زندگی کی اہم بنیاد ہیں ، اسی کے مطابق ہماری زندگی چلنا چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار محکمہ عبادہ تبوک کے قاضی شیخ عبداللہ عمر نے کیا۔

وہ یہاں بھٹکل مسلم اسوسی ایشن ریاض کے زیر اہتمام منعقدہ پررونق عید ملن کی تقریب میں خطاب کررہے تھے۔ عید ملن کا آغاز  عید کی رات بعد نماز عشاءہو کر  صبح نماز سے پہلے اختتام کو پہنچا۔ تبوک مدرسہ کے معلم مولوی ظفر الدین ندوی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ابھی ابھی ہم رمضان سے گزرے ہیں، ہم جس طرح رمضان میں زندگی گزارتے ہیں اسی طرح سال بھر زندگی گزارتے ہیں تووہ ہماری عبادتوں کے قبولیت کی نشانی ہے،اوراگر ویسی زندگی نہیں گزرتی توسمجھو کہ ہماری عبادتیں قبول نہیں ہورہی ہیں۔ مولانا کے تاثر بھرے بیان سے حاضرین کافی متاثر نظر آئے۔ مولانا نے کہاکہ مولانا عبدالباری کی خواہش تھی کہ حرم شریف     کے  امام کو بھٹکل لائیں ۔ ہم اس کوشش کو جاری رکھیں گے اور ان کی خواہش کی تکمیل کریں گے، انشاء اللہ ۔محترم امبر الدوسوری ، الخرچ پالی کلینک ، ایم ڈی نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے  عید الفطر کی مبارکبادی دی اور یقین دلایا کہ جس طرح وہ ابھی تک بھٹکلی احباب کا تعاون کرتے رہے ہیں آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔

عید ملن کا آغازابرار اکرمی کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ اسوسی ایشن کے  جنرل سکریٹری ڈاکٹر ظہیر کولا نے مہمانوں کا تعارف پیش کرتے ہوئے استقبال کیا۔ ریان برماور نے نظامت کی۔ اس موقع پر تعلیمی میدان میں بہتر کارکردگی کرنے والے طلبا کو انعامات سے نوازا گیا ۔ جس کی تفصیل کچھ اس طرح ہے۔

سوم جماعت سے پنجم جماعت تک کے پہلے زمرے میں  عائشہ روبا لنکاکو اول اور  نورجہاں نجف کو دوم انعام سے نوازاگیا تو دوسرے زمرے میں یعنی  جماعت ششم سے جماعت ہشتم تک کے تحت  صالف سمیع اللہ ملاکو اول اور  عائشہ ارنا عارف اکرمی کو دوم اسی طرح تیسرے زمرے میں  جماعت نہم سے بارہویں جماعت تک کے طلبا میں سے  محمد اواب اسماعیل عارف کو اول اور ابراہیم انصار تاراپتی کو دوم انعام سے نوازاگیا ۔ چوتھے زمرے میں ان طلبا کو شامل کیا گیا جن کے والدین ریاض میں مقیم ہیں اور طلبا ہندوستان میں امتیازی نمبرات سے کامیاب ہیں۔ اس زمرے میں دسویں جماعت  میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنےو الی  جویریہ سہیل انصاری محتشم89.12فی صداور بارہویں جماعت میں فاطمہ زہرین ذاکر ایم ایچ91فی صدکو انعام سے نوازاگیا ۔ اسی سے متصل عید ملن میں بہترین ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے جس میں نعت، نظمیں، فیانسی ڈریس، پیرامڈ، ون منٹ شو وغیرہ پیش کئے گئے مساہمین کو انعامات سے نوازاگیا۔

عید ملن کے موقع پر خصوصی طورپر  بمپر ڈرانکالا گیا جس کے تحت  وسیم کمبراکو اول انعام کے طورپر 55555روپئے ، دوم انعام کے طرپر  ماجد ایس ایم 50000روپئےاور ناصف ایس ایم کوبائک انعام میں ملی۔  اسوسی ایشن کے صدرمحترم نجف خومی، نائب صدر ڈاکٹر سمیع اللہ اور عید ملن کے کنوینراسماعیل عارف اکرمی ڈائس پر موجود تھے۔سرپرست عبدالعلیم قاضیا نے پروگرام کی صدارت کی۔ عید ملن کے انتظامات کو بہترین انداز میں منظم کرنے میں عمار قاضیا، عرفات گنگاولی، آفاق چامنڈی، عمران ایس ایم،ضیا ء لنکا، ارشاد شیخ اورماجد ایس ایم بھی پیش پیش نظر آئے۔


Share: