بھٹکل:10؍ جنوری (ایس اؤ نیوز)بھٹکل کی مچھلی مارکیٹ کو سنڈے مارکیٹ کے پڑوس تعمیر کردہ نئی عمارت میں منتقل کئے جانے کو پرانے بس اسٹانڈ کے اطراف والے دکانداروں ، خواتین ماہی گیروں نے پھر ایک بار اپنی مخالفت کی ہے۔
جمعرات کو بلدیہ دفتر میں بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ساجد ملا ، چیف آفیسر دیوراج کی موجودگی میں منعقد ہوئی میٹنگ میں دکانداروں کی حمایت میں کرشنانائک، وینکٹیش نائک، سدھاکر، خواجہ وغیرہ نے کہاکہ موجودہ مچھلی مارکیٹ خستہ نہیں ہوئی ہے، اس سے پرانی میونسپالٹی کی عمارت منہدم کئے بغیر باقی رکھی گئی ہے، ایسے میں مچھلی مارکیٹ منتقل کی گئی تو موجودہ مچھلی مارکیٹ ویران ہوجائے گی اوربھوت بنگلہ کی صورت لگے گی۔ آوارہ جانور، کتوں کے لئے پناہ گاہ ہوسکتی ہےاور آگے یہی جگہ غیر قانونی سرگرمیوں کو موقع دینے کے برابر ہوگا۔ اسی طرح مچھلی مارکیٹ کے سہارے جن دکانداروں ،ماہی گیروں وغیرہ نے اپنی زندگی گزاررہے ہیں ، مچھلی مارکیٹ کی منتقلی سے یہ جگہ نہ صرف ویران ہوجائے گی بلکہ ان سب کی زندگی سڑک پر آجائے گی۔ اس لئے افسران اپنے فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ دکانداروں کی شکایات کو سماعت کرنے کے بعد اے سی ساجد ملا نے کہاکہ عمارتوں کی خستگی کامعائنہ کرنے کے بعد نفع و نقصان دیکھ کر اگلی کارروائی کرنے کا تیقن دیا۔