ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل میں جانور لے جانے کے دوران ایک شخص کی بری طرح پیٹائی؛ ننگا کرکے گھمایا گیا

بھٹکل میں جانور لے جانے کے دوران ایک شخص کی بری طرح پیٹائی؛ ننگا کرکے گھمایا گیا

Wed, 03 Aug 2016 20:03:40    S.O. News Service

بھٹکل:3/اگست(ایس او نیوز)جانور چرانے کا الزام عائد کرتے ہوئےبھٹکل کے چوتنی میں ایک شخص کو ننگا کرکے پیٹنے کی واردات پیش آئی ہے۔ یہ واردات بدھ کی صبح پیش آئی۔ ذرائع نے بتایا کہ شیکھر منجیا نائک (38) ایک بچھڑے کوایک سواری میں لاد کر لے جارہا تھا کہ چوتنی میں مبینہ سنگھ پریوار کے کارکنوں نے اُسے روک لیا اور بچھڑا حاصل کرتے ہوئے شیکھر کی بری طرح پیٹائی کردی۔ بعد میں اس کا شرٹ کھینچ کر اُسے بیلٹ سے بھی پیٹا گیا۔  ملزم کے جسم پر بیلٹ کے ذریعے مارے گئے نشان بھی دیکھے گئے ہیں۔ گائے کی حفاظت کے نام پر ان کارکنوں نے شیکھر کو بعد میں ننگا کرتے ہوئے نیشنل ہائی وے سے جلوس کی شکل میں گھماتے ہوئے آگے بڑھے، ہائی وے پر جب جلوس راگھویندرا مٹھ کے پاس پہنچا تو پولس پہنچ گئی۔ سی پی آئی سریش نایک، ایس آئی ریوتی ، ایس آئی کوڈگونٹی اور پولس کے دیگرعملے نے برہم ہندو کارکنوں کو مطمئن کرنے کی کوشش کی۔ اس موقع پر کارکنوں نے ملزم کو گرفتارکرکے سخت سزادینے کی پولس سے مانگ کی ۔ ابتدا میں لاچار نظر آنے والی پولس کچھ  دیر بعد شدت پسند تنظیموں کے کارکنوں کو منانے میں کامیاب ہوگئی اورملزم کو اپنی تحویل میں لے لیا اور بچھڑے کو ایک آٹو پر لاد کر ٹائون پولس اسٹیشن پہنچی۔ جہاں پولس کی جانب سے ہی شیکھر پر جانور چوری معاملہ کو لے کر کیس درج کیا گیا۔ 

خبر پھیلتے ہی عوام نے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے پولس کے کردار پر سوالات اُٹھانے شروع کردئے۔ عوام کے ایک طبقے نے سوال کیا ہے کہ شیکھر پر چوری کا معاملہ درج کیا گیا ہے اور اُسے گرفتار کیا گیا ہے، مگر جن لوگوں نے اُس کی پیٹائی کی اور اُسے شہرمیں ننگا کرکے گھمایا گیا، اُن کے خلاف پولس نے کوئی کاروائی کیوں نہیں کی ؟ 

اُدھر ایک ذرائع نے خبر دی ہے کہ جس بچھڑے کو لے کر یہ معاملہ پیش آیا ہے وہ بچھڑاموسیٰ جبالی نامی مسلم گھرسے چرایا گیا تھا، بتایا گیا ہے کہ گھروالوں نے پولس تھانہ پہنچ کر ثبوت پیش کرتے ہوئے بچھڑے کو اپنے حوالے کرنے کی مانگ کی ہے۔

ایک اورشکایت : تعلقہ کے پرورگا کے موگلی ہونڈا کے قریب بدھ کی صبح 30-6بجے راستے کنارے سوئے ہوئے ایک جانور کو چرانے اور گاڑی کو روکنے کی کوشش کرنے پر گاڑی چڑھانے کی کوشش کرنےکا الزام عائد کرتے ہوئےٹائون پولس تھانے میں بیلکے ، کٹگیری کے مکین تلسی داس سبا نائک نے شکایت درج کی ہے۔

شکایت کے متعلق بتایا گیا ہے کہ چوری کی کوشش کے بعد فرار ہونے کی دھن میں تیز رفتار KA/39-8851نمبروالی  سواری نے جانورکو جانی نقصان پہنچا یا ہے۔ ۔ بھٹکل شہری پولس تھانے میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔

ہندوجاگرن ویدیکے کی اپیل: غیر قانونی گائے سپلائی کے متعلق ہندو جاگرن ویدیکے کی طرف سے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کے ذریعے ضلعی انتظامیہ کو اپیل سونپی گئی جس میں بھٹکل میں غیر قانونی قصائی خانے کے ذریعے غیر قانونی طورپر گائے کی سپلائی ، گائے کا قتل بے تحاشہ جاری ہونے کا الزام لگایا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس تعلق سے ضلعی انتظامیہ کو کئی مرتبہ توجہ دلائی گئی ، لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ گائے سپلائی فرقہ وارانہ ہنگاموں کو ہوا دے رہی ہے،میمورنڈم میں قانونی کارروائی کی مانگ کی گئی ہے۔ اس موقع پر ایشورنائک، دینیش نائک، مکند نائک، روی نائک جالی، سبرائے ہیبلے، شنکر نائک، بابو، تلسی داس، واسو نائک، آنند نائک، راگھو نائک، کیشوؤ نائک وغیرہ موجود تھے۔

 

 


Share: