بھٹکل:26؍دسمبر(ایس اؤ نیوز)جمعرات کو سورج گرہن ہونے کی وجہ سے براداران وطن کے اکثر لوگ گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دینے کی وجہ سے شہر بھٹکل میں عوامی چہل پہل اور مارکیٹ میں خریداری برائے نام رہی۔
تعلقہ سے متصل اور دیہی علاقوں میں اکثر دکانیں بند تھیں ، شہری سطح پر دکانیں کھلی ہونے کے باوجودہمیشہ کی طرح گاہک نظر نہیں آئے۔ دیہی علاقوں سے مچھلی بیچنے کے لئے بھٹکل مچھلی مارکیٹ آنے والی دیہی خواتین نہیں آنے کی وجہ سے مچھلی مارکیٹ بھی بند تھی۔بعض اسکولوں اور آنگن واڑی مراکز میں طلبا کی حاضری متاثر رہی۔ سرکاری دفاتر میں چھٹی نہیں تھی وہ اپنے کاموں میں مصروف تھے۔ آٹورکشا سڑک پر بہت کم دیکھے گئے۔ سورج گرہن کو دیکھنے والے شوقین حضرات نے ویلڈنگ کے لئے استعمال کئے جانے والے شیشے ، ایکسرے وغیرہ سے گرہن کا نظارہ کیا۔