بھٹکل 10 اکتوبر (ایس او نیوز) بھٹکل جالی پنچایت حدود کے کولی فارم کے قریب ایک باغ میں کرکٹ میچ دیکھنے کے دوران پولس نے اچانک چھاپہ مارتے ہوئے سات لوگوں کو گرفتار کرلیا۔ پولس کا کہنا ہے کہ یہ لوگ کرکٹ میچ پر سٹہّ لگارہے تھے۔
واردات سنیچر رات قریب نو بجے پیش آئی جب تمام ساتوں لوگ ٹی وی پر کرکٹ میچ دیکھ رہے تھے کہ اچانک کاروار اور بھٹکل پولس نے دھاوا بول دیا۔
بتایا گیا ہے کہ کرکٹ میچ پر سٹے با زی کی مصدقہ اطلاع پر کاروار ڈسٹرکٹ کرائم برانچ پولس کے دستے نے بھٹکل ٹاون پولس کے اہلکاروں کے ساتھ مل کر یہ چھاپہ مار کاروائی انجام دی جس کی قیادت بھٹکل اسسٹنٹ ایس پی نکھل بلاور کررہے تھے۔جبکہ چھاپہ ماری کی اس ٹیم میں کاروار ڈی سی آئی بی کے انسپکٹر نشچل کمار ، بھٹکل پی ایس آئی بھرت، کُڈگونٹی و دیگر اہلکار موجود تھے۔
پولس نے بتایا کہ جن سات لوگوں کو سٹے بازی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے ان میں دو گلمی، دو علی میاں کالونی، ایک بندر روڈ، ایک سلطان اسٹریٹ اور ایک صدیق اسٹریٹ کا رہنے والا ہے۔پولس کے مطابق ان کے پاس سے 50,100 (پچاس ہزار ایک سو ) روپیہ نقد اور سٹّہ بازی میں استعمال کئے جانے والے موبائل فون ضبط کرلئے گئے ہیں۔
بھٹکل ٹاون پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور مزید چھان بین جاری ہے۔