بھٹکل 18/اپریل (ایس او نیوز) بھٹکل میں آج سنیچر کو شدت کی گرمی کے چلتے رات قریب نو بجے اچانک بادلوں کی گرج کے ساتھ بجلی گری جس کے نتیجے میں تعلقہ کے ہیبلے پنچایت کے کوکنیر میں ایک درخت کو آگ لگ گئی۔
کوکنیر کےنوجوان جگدیش نے بتایا کہ جیسے ہی بادل کے گرجنے کے ساتھ بجلی گری، ناریل کے درخت کے اوپری حصے کو آگ لگ گئی، قریب آدھے گھنٹے تک آگ جلتی رہی، قریب ہی دوسرے درختوں تک بھی آگ پھیلنے کا خدشہ تھا مگر فوری طور پر فائر بریگیڈ کا عملہ جائے وقوع پر پہنچ گیا اور آگ پر قابو پالیا۔ جگدیش نے بتایا کہ آگ صرف ایک ہی درخت تک محدود رہی، آگ لگنے سے متعلقہ درخت جل چکا ہے، مزید کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔
شہر میں رات قریب نو بجے اچانک بجلی گری تھی، پھر کچھ دیر تک بادلوں کی ہلکی ہلکی گرج سنائی دیتی رہی، اس دوران کچھ دیر کے لئے ٹھنڈی ہوائیں بھی چل رہی تھی، بارش کے آثار نظر آرہے تھے مگر خبر لکھے جانے تک بارش نہیں ہوئی۔