ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل میں لذیذ مشروم الف بے کی آمد :خریداروں کا ہجوم

بھٹکل میں لذیذ مشروم الف بے کی آمد :خریداروں کا ہجوم

Wed, 27 Jul 2016 19:09:10    S.O. News Service

بھٹکل:27/ جولائی(ایس او نیوز)موسم ِ باراں میں کھانے کے شوقین حضرات لذیذ مشروم  الف بے کی تلاش میں رہتے ہیں ، امسال بھی آج بدھ کو بازار میں الف بے کوہزاروں کی تعداد میں دیکھا گیا۔ تعلقہ کے ہاڈولی، کونار، ماروکیری ، ہوناور تعلقہ کے منکی، اننت واڑی، گنونتے کے جنگلی علاقوں میں الف بے کی فصل ہوتی ہے کسان اس کو اٹھا کر بازار کا رخ کرتے ہیں۔ یہاں آج پہلےدن ہزاروں کی تعداد میںالف بے فروخت ہونےکا اندازا لگایا گیاہے۔

بھٹکل چمیلی کی طرح بھٹکل اور اطراف میں الف بے مشروم کی بھی بڑی اہمیت اور قیمت ہے، دیگر تعلقہ جات (ہوناور سے آگے )الف بے کا نام لیتے ہی مانگ میں اضافہ ہوجاتاہے۔ بھٹکل کی اس خصوصی مشروم میں زائد غذائی قوت ہونے کی وجہ سے اہمیت میں اضافہ ہوتاہے۔ مسالہ فرائی، بریانی کےلئے بھی اس کو استعمال کیاجاتا ہے۔ خاص کر بھٹکل کے اہلِ نوائط کے منہ میں الف بے کا نام لیتے ہی  پانی آجاتا ہےاور سیدھے بازار پہنچ کر جہاں بھی دستیاب ہو، منہ مانگی قیمت دے کر خرید لیتے ہیں۔ بھٹکل میں الف بے سے تیار کردہ پکوان  دبئی سمیت گلف ممالک میں مقیم اپنےرشتہ داروں اور دوست احباب کوبھی بھیجا جاتاہے۔ پہلے 100-200روپیوں کو ملنے والے الف بے مشروم کی قیمتیں اب آسمان سے باتیں کررہی ہیں، 100الف بے مشروم کے لئے 250سے 800روپئے تک کی قیمت لگائی جاتی ہے۔ بازار میں الف بے کی خاصی قیمت اور مانگ کو دیکھتے ہوئے کچھ دلال بھی پیدا ہوگئے ہیں، الف بے کو کسانوں سے خرید نے کے لئے دیہات کا رخ کرتے ہیں تو کچھ لوگ راستہ کے درمیان میں ہی قیمت طئے کرکے لیتے ہیں اور بازار میں فروخت کرکے 500سے 2000ہزار روپئے تک یومیہ منافع کماتے ہیں۔ کسانوں سے بات کرنے پرانہوں نے جانکاری دی کہ بھٹکل میں مزید چار پانچ دن الف بے کی دھوم رہے گی۔


Share: