بھٹکل:18/ جولائی(ایس او نیوز)ترقی وکامیابی کےلئے سدراہ نامی کوئی چیزنہیں ، کٹھن محنت و مشقت سے ہی کامیابی حاصل ہوتی ہے، ان باتوں کا خیال ڈنٹسٹ ڈاکٹر روی نائک نے ظاہر کیا۔وہ یہاں وینکٹ رمن مندر ہال میں نامدھاری ترقی سنگھ کے زیر اہتمام قابل و جوہر ایوارڈ پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ ڈاکٹر روی نے کہاکہ طلبا اپنے لئے بہت ہی واضح منزل و مقصد طئے کریں، اس کو حاصل کرنے کے لئے خود اعتمادی بہت ضروری ہے، منزل و مقصد نہ ہوتوبے لگام بیل کی طرح انسان بھٹک جاتاہے۔
پروگرام میں مہمانِ خصوصی کے طورپر سدھارتھ ایجوکیشن ادارے کے سکریٹری ارچنا اگرانمنی نے بات کرتے ہوئے کہاکہ اپنی مادری زبان کنڑا کے ساتھ ساتھ انگریزی اور دیگر زبانوں پر بھی مہارت حاصل کرنا ضروری ہے، آج کے جدید دور میں وقت کو ضائع نہ کرتے ہوئے نظم وضبط سے کام کرنےکی انہوں نے طلبہ کو صلاح دی۔ پروگرام کی نامدھاری سنگھ کے صدر ڈی بی نائک نے صدارت کرتے ہوئے طلبا کو صلاح دی کہ زندگی میں اعلیٰ منزل و پاکیزہ مقصد کو اپنائیں۔ سرکاری کالج کی لکچرر باگھی رتھی نائک، شری رام اکھشتر کے ٹرسٹی جے این نائک نے بھی موقع کی مناسبت سے طلبا سےمخاطب ہوئے۔ ڈائس پر کے آر نائک موجود تھے۔ وکیل راجیش نائک نے استقبال کیا تو تعلیمی کمیٹی کے سنچالک وی جی نائک نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔ لکچرر گنگادھر نائک اور منجوناتھ نائک نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔
پروگرا م میں ایس ایس ایل سی، پی یوسی اور ڈگری میں امتیازی نمبرات سے کامیاب ہونےو الے 18طلبا کو قابل جوہر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ایس ایس ایل سی اور پی یوسی میں بہترین کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے چندر شیکھر نائک اور دھنیا وینکٹیش نائک ، ریاستی سطح کے کبڈی کھلاڑی ناگراج گنپتی نائک ، پولس کھیل مقابلوں میں ریاستی سطح پر بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرنےو الی شوبھا مہیش نائک، باڈی بلڈر منجوناتھ نائک وغیرہ کی بھی پروگرام تہنیت کرتےہوئے عزت افزائی کی گئی ۔ شری دھرنائک نے شکریہ اداکیا۔