بھٹکل 27؍جون (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا میں ٹھیکیداری پر کام کررہے سرکاری ملازمین کی تنظیم نے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کی معرفت وزیراعلیٰ کرناٹکا کمارا سوامی کے نام ایک میمورنڈم ارسال کرتے ہوئے مختلف سرکاری محکمہ جات کے تحت اسکولوں میں ٹھیکیداری پر عارضی خدمات انجام دینے والوں کو ہٹائے جانے اور ان کی جگہ پر دیگر مستقل ملازمین کا تقرر کرنے کے خلاف اعتراض جتایا ہے۔
بدھ کو بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کو میمورنڈم سونپتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گزشتہ دس پندرہ برسوں سے ’سماج کلیان، پسماندہ طبقات کی بہبودی اوراقلیتی‘ محکمہ جات کے تحت چلائے جارہے رہائشی اسکولوں اور ہاسٹلوں میں باورچی، معاون باورچی اور چوکیدار وغیرہ کی ذمہ داریاں ٹھیکے پر اداکرنے والے ملازمین کو اچانک بغیر کسی اطلاع اور نوٹس کے ان کے عہدوں سے ہٹادیا گیا ہے اور ان کی جگہ نئے ملازمین کو براہ راست مستقل عہدوں پر مقرر کیا جارہا ہے۔ جو کہ اب تک ٹھیکے پر کام کرتے آرہے ملازمین کے ساتھ ناانصافی ہے۔میمورنڈم میں مزید کہا گیا ہے کہ ان ملازمین کی عمر اب 35سال سے تجاوز کرچکی ہے اس لئے ان کے لئے روزگارکے مسائل پید اہوگئے ہیں اور وہ لوگ بے روزگاری کی وجہ سے راستے پر آگئے ہیں۔
سرکاری ملازمین کی مذکورہ تنظیم نے حکومت کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے میمورنڈم میں مطالبہ کیا ہے کہ سابقہ عارضی ملازمین کو ہی مستقل عہدوں پر تعینات کیاجائے۔اس بات کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان کی ملازمتوں کو محفوظ کرنے اور انہیں قانون کے مطابق یکساں ذمہ داریاں اور تنخواہوں کے علاوہ دیگر سہولتیں فراہم کرنے کوبھی یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر ماروتی، موہن، سری دھر شٹی، لکشمی، پاروتی، یمونا و دیگر موجود تھے۔