بھٹکل:05/ستمبر (ایس اؤنیوز) اساتذہ بچوں کے مستقبل کو سنوارنے کے ساتھ ان کی سماجی تعمیر میں مقدس فریضہ انجام دے رہے ہیں، ان کے بغیر سماج کا تصور نامکمل ہے، ان باتوں کا اظہار اترکنڑا ضلع پنچایت کی صدر جئے شری موگیر نے کیا۔ وہ یہاں ضلع پنچایت اترکنڑا، محکمہ تعلیمات عامہ اور تعلقہ گرووندنا کمیٹی بھٹکل کے اشتراک سے کملاوتی رام ناتھ شانبھاگ ہال میں یوم ِ اساتذہ کی مناسبت سے منعقدہ گرووندنا پروگرام کاافتتاح کرنے کے بعد خطاب کررہی تھیں۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نےکہا کہ آج اساتذہ کے احترام میں کئی ایک استادوں کی تہنیت کرتے ہوئے ان کو عزت بخشی گئی ہے اس میں تمام اساتذہ شریک ہیں۔ تعلقہ میں تعلیمی میدان کو ہر طرح سے ترجیح دیتے ہوئے سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اساتذہ کو چاہئے کہ وہ میسر سہولیات کو استعمال کرتے ہوئے بچوں کا مستقبل روشن کریں۔
کنڑا کے مشہور ادیب ، نقاد اور شاعر ڈاکٹر ضمیر اللہ شریف نے اعزازی مہمان کی حیثیت سے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ پوری دنیا میں استاد کی خاص اہمیت ہے، یواین اؤ کی طرف سے یوم ِ اساتذہ منایا جاتاہے۔ حالیہ زمانےمیں تعلیمی میدان کئی مسائل میں گھرا ہواہے، نوجوان موبائیل کلچر سے متاثر ہورہے ہیں، اساتذہ کو ان کے خیالات اور جذبات کو موڑدینے کاکام کرنا ہے اور استاد و شاگردکا رشتہ مستحکم کرنے کی طرف دھیان دینا ہے۔
تعلقہ پنچایت صدر ایشور نائک نے پروگرام کی صدارت کی۔ بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر منجوناتھ، پنچایت نائب صدر رادھا اشوک وئیدیا، اسٹانڈنگ کمیٹی چیرمن وشنو دیواڑیگا، ضلع پنچایت ممبر البرٹ ڈیکوستھا، سندھو بھاسکر نائک، تعلقہ پنچایت ممبر میناکشی نائک، پنچایت آفیسر سی ٹی نائک، وینکٹیش پربھو، شمبھو ہیگڈے ، اساتذہ سنگھ کے صدر شنکر نائک، ہائی اسکول سنگھ کے صدر شری دھر جمبورمٹھ وغیرہ موجود تھے۔ تعلیمی افسر وی ڈی موگیر نے پروگرام کے متعلق جانکاری دی ۔ تعلیمی وسائل افسر یلما نے افتتاحی کلمات پیش کیں، تعلقہ فزیکل نگراں کار شری کانت نایک ، استاد سریش ، پرمیشور ، منجولا نے نظامت کی۔ پروگرام میں موظف اساتذہ کی بھی تہنیت کی گئی ۔