بھٹکل:02؍مئی(ایس اؤ نیوز) اترکنڑا ضلع کے سبھی 11کرونا وائرس مریض صحت یاب ہو کر اسپتالوں سے ڈسچارج ہوچکے ہیں ، ضلع میں کوئی بھی فعال معاملہ نہ ہونے سے ضلع کو گرین زون میں شمار کیا جارہا ہے،اس کے باوجود احتیاطی تدابیر کے طورپرضلع کی سرحدوں پر سخت حفاظتی اقدامات جاری رکھے گئے ہیں۔
کرونا وائرس کے متاثرین زائد ہونے سے ہاٹ اسپاٹ بنا بھٹکل اب مکمل صحت یاب ہوچکا ہے اور یہاں کوئی معاملہ فعال نہیں ہے، البتہ صحت یاب ہوئے نو لوگ گھر جاچکے ہیں تو بقیہ دو لوگ سرکاری حکم نامے کے تحت کوارنٹائن میں ہیں۔ البتہ پیشگی احتیاط کے تحت دوبارہ کوئی وائرس سے متاثر نہ ہونے پائے اس کا بھرپور خیال رکھا جارہاہے۔ اسی کے تحت ضلع کے دیہی علاقوں میں داخلے والے راستوں پر بیاریکیڑ لگا کر نگرانی کی جارہی ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ دیہی علاقے کے لوگ شہری حدود میں داخل نہ ہونے پائیں اور بازاروں میں ہجوم نہ ہونے پائے ۔
پوری طرح صحت یابی کو دیکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے بھی لاک ڈاؤن کے ضوابط میں کچھ ڈھیل دینی شروع کی ہے، دیہی علاقوں میں گھومنے پھرنے ، روزمرہ کی سرگرمیوں میں شریک ہونے کا موقع دیا جارہاہے، لیکن شہری رابطہ منقطع ہے۔ بیاریکیڑ پر تعینات پولس اس کی پوری نگرانی کر رہی ہے جو کوئی قانون کی خلاف ورزی کرے گا ان کے خلاف قانونی کارروائی کئے جانے کی ڈی وائی ایس پی گوتم کے سی نے انتباہ دیا ہے۔