بھٹکل 8/مئی (ایس او نیوز) ایک ساتھ کورونا کے 12 پوزیٹو معاملات سامنے آنے کے بعد پولس نے فوری طور پر پورے مدینہ کالونی کو سیلڈ کردیا ہے، تینگنگونڈی کراس پر ہی پولس بس کو تعینات کرتے ہوئے سڑک کے اطراف لکڑی باندھ دی گئی ہے اور کسی کو بھی اندر داخل ہونے نہیں دیا جارہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس راستے پر نہ صرف اجازت نامہ (پاس ) والی سواریاں بلکہ ایک ایمبولنس کو بھی جانےسے روکے جانے کی اطلاع ملی ہے ۔ تینگنگونڈی کراس سمیت اندرونی راستوں پر جگہ جگہ پولس تعینات ہے اور پورے علاقے کو بند کردیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ تازہ معاملہ سامنے آنےکے بعد مدینہ کالونی، جامعہ آباد روڈ کڑی مشین کراس، نوائط کالونی کراس، جالی روڈ کراس، کے ایچ بی روڈ، کوگتی جانے والا روڈ اور عثمانیہ کراس کو مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔ فی الحال شہر میں خاموشی چھائی ہوئی ہے اور راستے سنسان نظر آرہے ہیں۔ خبر ملی ہے کہ حالات کا جائزہ لینے کاروار سے ایس پی شیوپرکاش دیوراج بھی بھٹکل پہنچ چکے ہیں اور سخت نگرانی رکھی جارہی ہے۔
کس کس کی رپورٹ آئی کورونا پوزیٹو: ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ آج جمعہ کو جن 12 لوگوں کی رپورٹ کورونا پوزیٹو آئی ہے، اُس میں مدینہ کالونی کے چھ لوگ ہیں جس میں ایک پڑوسی خاتون بھی ہے، تین کا تعلق کوگتی، ایک کا تعلق نوائط کالونی نیشنل ہائی وے، اور مزید ایک کا تعلق کے ایچ بی کالونی سے ہے۔ پتہ چلا ہے کہ 12 میں دو حاملہ خواتین ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ مریضہ نمبر 739 اپریل 20 کو مینگلورفرسٹ نیورو اسپتال میں اپنی پانچ ماہ کی بچی (نمبر 747) کو سخت بیمار ہونے کی وجہ سے دکھانے لے کر گئی تھی، اس کے ساتھ اس کا شوہر (مریض نمبر 743) بھی تھا، تینوں کی رپورٹ کورونا پوزیٹو آئی ہے۔اسی طرح مریضہ نمبر 739 کے نانا (عمر 83سال، مریض نمبر 746)، نانی (عمر 75 سال، مریضہ نمبر 744)، مریض نمبر 743 کے60 سالہ والد، 23 سالہ پڑوسی خاتون،18 سالہ اور 22 سالہ دو سہلیاں،39 سالہ خالہ اور اس کی گیارہ سالہ لڑکی سمیت ایک تین سال کی بچی کی بھی رپورٹ پوزیٹو آئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ جب 18 سالہ لڑکی کی رپورٹ 5 مئی کو کورونا پوزیٹو آئی تھی تو فوری طور پر اسکے رابطے میں آنے والے 47 لوگوں کے سیمپل جانچ کے لئے روانہ کئے گئے تھے، اسی طرح دو لوگوں کو سرکاری اسپتال اور تین لوگوں کو انجمن ہوسٹل میں کورنٹائن کیا گیا تھا اور اُنہیں گھر جانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی، اسی طرح دیگر تمام لوگوں کو بھی اپنے اپنے گھروں میں سختی کے ساتھ کورنٹائن میں رہنے کا حکم دیا گیا تھا۔